پولیو سے بچائو کا واحد راستہ ویکسئین کے دو قطرے ہیں،ڈپٹی کمشنرخانیوال

جمعرات 24 اکتوبر 2019 15:49

خانیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2019ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ورلڈ پولیو ڈے کے موقع پر محکمہ صحت اور نیشنل کمیشن فار ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری مہمان خصوصی تھے۔ سیمینار میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ماریہ ممتاز،سی ای او تعلیم شوکت شیروانی، پی ٹی آئی رہنما مہر عمران دھول، ڈی ایچ او ڈاکٹر فضل الرحمن سمیت محکمہ صحت تعلیم ویگر سرکاری محکموں کے افسران، سول سوسائٹی کی شخصیات، سکول کے طلباء اور صحافیوں نے شرکت کی۔

سیمینار کے شرکآء کو نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر ارشد نے پولیو کے خاتمے کے لئے اقدامات اور ڈینگی فوکل پرسن ڈاکٹر ہشام خالد نے ڈینگی کے اسباب احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو سے بچائو کا واحد راستہ ویکسئین کے دو قطرے ہیں والدین کی زرا سے غفلت ان کے بچے کو عمر بھر کی بیماری سے دوچار کر سکتی ہے اس لئے والدین اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرورپلائیں ۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت، والدین، سول سوسائٹی علماء کی مشترکہ کوششوں سے ضلع خانیوال گزشتہ دس سال سے پولیو فری ہے اور حکومت کی کوششوں کی وجہ سے پاکستان پولیو کے خاتمہ کے قریب پہنچ چکا ہے ۔انہوں نے کہا ڈینگی کے خاتمے کے لئے عوام انتظامیہ کا ساتھ دیں۔