قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے ساتویں راوٴنڈ کا دوسراروز مکمل

ناردرن کے بلے بازوں کی جارحانہ بیٹنگ، جاہد علی کی سنچری، خیبرپختونخوا کے محمد الیاس کے 5 شکار

پیر 4 نومبر 2019 19:53

قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے ساتویں راوٴنڈ کا دوسراروز مکمل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 نومبر2019ء) اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے دوسرے روزناردرن نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 27 رنزبنالیے۔ ناردرن کی ٹیم تاحال 41 رنز کے خسارے کا شکار ہے۔ اس سے قبل ناردرن کے 368 رنز کے جواب میں سندھ نیجاہد علی کی سنچری کی بدولت پہلی اننگز میں 436 رنز بنائے۔ کھیل کے دوسرے روز سندھ نے بغیر کسی نقصان کے 26 رنز سے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو جاہد علی نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 چوکوں اور 1 چھکیکی مدد سے 123 رنز کی اننگز کھیلی۔

انہوں نے عماد عالم کے ہمراہ پہلی وکٹ کے لیے 108 رنز کی شراکت قائم کی۔ عماد عالم 63 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ دوسری وکٹ کے لیے جاہد علی اور شہزار محمد میں 180 رنز کی شاندار شرکت قائم ہوئی۔

(جاری ہے)

شہزار محمد 99 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے۔مڈل آرڈر بیٹسمین رمیز راجہ جونیئر نے بھی نصف سنچری اسکور کی۔ اختتامی اوورز میں احسان علی نے 48 گیندوں پر 86 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔

ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔68 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی ناردرن کی ٹیم نیدن کے اختتام پربغیر کسی نقصان کے 27 رنز بنالیے ہیں۔ نوید ملک 16 اور آفاق رحیم 10 رنز کے انفرادی اسکور سے کھیل کا دوبارہ آغاز کریں گے۔
دوسری جانب حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں سدرن پنجاب کے 267 رنز کے جواب میں خیبرپختونخوا نے پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنالیے ہیں۔

سدرن پنجاب نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 127 کے مجموعی اسکور سے کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کیا تو محمد الیاس کی عمدہ باوٴلنگ کے سامنے پوری ٹیم 267 رنز بناکر آوٴٹ ہوگئی۔محمد الیاس نے 58 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جواب میں خیبرپختونخوا کی جانب سے اننگز کا آغاز متاثر کن نہ رہا اور دن کے اختتام پر58 رنز کے عوض آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی۔

سدرن پنجاب کی جانب سے محمد عمران 3 اور ضیا ء الحق 2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کرچکے ہیں۔ مہران ابراہیم 16 اور عمر خان 11رنز بنا کرکھیل کے تیسرے روز کا آغاز کریں گے۔
ادھراتفاق کرکٹ گراوٴنڈ لاہور میں میچ کے پہلے روز بلوچستان کی ٹیم 276 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم اپنی پہلی اننگز کا آغاز کھیل کے دوسرے روز کرے گی۔ محض 34 رنزپر پہلی وکٹ گرنے کے بعدبلوچستان کی دوسری وکٹ کے لیے حسیب اعظم اور تیمور علی کے درمیان 99 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ حسیب اعظم نے 82 اور تیمور علی نے73 رنزکی اننگز کھیلی۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے محمد علی نے 61 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ رضا علی ڈار اور احمد بشیر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔