سعودی عرب میں خاتون کو شراب کی بھٹی چلانے پر گرفتار کر لیا گیا

ریاض میں مقیم خاتون ہمسایوں سے شراب کی بدبو چھُپانے کے لیے ہر وقت دُھونی دیئے رکھتی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 6 نومبر 2019 13:31

سعودی عرب میں خاتون کو شراب کی بھٹی چلانے پر گرفتار کر لیا گیا
ریاض(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 6 نومبر 2019ء) سعودی عرب میں منشیات اور الکوحل کااستعمال اور اس کی فروخت نہ صرف جُرم ہے بلکہ ان مکروہ اعمال میں ملوث افراد کو سزائے موت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہر سال سینکڑوں افراد کے سر منشیات فروشی کے جُرم میں قلم کیے جاتے ہیں۔ اس لیے بہت نڈر لوگ ہی سعودی مملکت میں رہتے ہوئے منشیات استعمال کرنے یا اس کی فروخت کرنے کے بارے میں سوچ سکتے ہیں۔

تاہم سعودی دارالحکومت ریاض میں ایک خاتون کی جانب سے شراب کی بھٹی چلانے کا انکشاف ہوا ہے۔ سبق ویب سائٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ایک افریقی خاتون ریاض کے علاقے طویق میں واقع ایک مکان میں شراب کی بھٹی چلا رہی تھی۔ محلے میں موجود کسی شخص نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ افریقی خاتون کی سرگرمیاں مشکوک دکھائی دیتی ہیں، وہ اپنے گھر کسی کو آنے جانے نہیں دیتی اور مکان سے عجیب سی ناگوار بُوآتی رہتی ہے۔

(جاری ہے)

اس اطلاع کے بعد پولیس کی جانب سے خاتون کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا تو پتا چلا کہ خاتون رہائشی علاقے میں رہتے ہوئے بھی بڑی دیدہ دلیری شراب کی بھٹی چلا رہی تھی۔ اس مکان میں شراب تیار کرنے کے کئی ڈرم بھی پائے گئے۔ اس کے علاوہ تیار شدہ شراب بھی مختلف سائز بوتلوں میں رکھی گئی تھی، جسے مخصوص گاہکوں کو فروخت کیا جانا تھا۔ پولیس نے خاتون کو چھاپہ مار کارروائی کے بعد رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ محلے داروں نے پولیس کو بتایا کہ خاتون شراب کی بدبو چھُپانے کے لیے ہر وقت دُھونی دیئے رکھتی تھی۔ جس کی وجہ سے محلے والوں کا ناک میں دم ہو چکا تھا۔ گرفتار خاتون کو اُس کے قبضے سے برآمد ہونے والی شراب کی بڑی مقدار کے ساتھ محکمہ انسدادِ منشیات کے حوالے کر دیا گیا ہے۔