استاد نے طویل چھٹیاں لینے کے لیے انٹرنیٹ سے ٹی بی کی جعلی تشخیص خرید لی

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 6 نومبر 2019 16:38

استاد نے طویل چھٹیاں لینے کے لیے انٹرنیٹ سے ٹی بی کی جعلی تشخیص خرید ..
چین کے اندرونی منگولیا کے علاقے میں ایک پرائیویٹ سکول کے انگریزی کے استاد کو حال ہی میں عوام سے معافی مانگنے پر مجبور کر دیا گیا۔ اس استاد نے چین کے قومی دن پر طویل چھٹیاں لینے کے لیے انٹرنیٹ سے ٹی بی کی جعلی تشخیص خریدی تھی۔ استاد، جسے مسٹر ڈو کے نام سے شناخت کیا گیا ہے، نےانٹرنیٹ سے 470 یوان یا 67 ڈالر میں سینے کےجعلی سکین اور ڈاکٹر کی رپورٹ خریدی، جن سے ظاہر ہوتا تھا کہ مسٹر ڈو ٹی بی کے مرض میں مبتلا ہیں۔

مسٹر ڈو نے سوچا تھا کہ سکول کا مالک انہیں دیکھ کر چین کے قومی دن پر انہیں طویل چھٹیاں دے گا لیکن انہیں اندازہ نہیں تھا کہ جعلی کاغذات پیش کرنا کس قدر سنجیدہ مسئلہ بن سکتا ہے۔ چونکہ ٹی بی ایک خطرناک اور چھوت کا مرض ہے اور یہ انسانی زندگی کے لیے بھی خطرناک ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

مسٹر ڈو کے ٹی بی میں مبتلا ہونے کا معلوم ہونے پر منگولیا کے دارالحکومت ہوہوٹ میں واقع سکول کی انتظامیہ نے انگریزی جماعت کے سارے طلباء کا طبی معائنہ کرانے کا فیصلہ کیا۔

طبی معائنے سے معلوم ہوا کہ مسٹر ڈو کے دو شاگردوں کوبھی ٹی بی ہے۔مسٹر ڈو کو اپنے شاگردوں میں ٹی بی کے مرض کا پتا چلا تو انہوں نے پھر سے انٹرنیٹ سے 315 یوان (45) یوان میں ایسی رپورٹس خریدی، جن سے پتا چلتا تھا کہ اب ان کو ٹی بی نہیں ہے۔بچوں کے والدین نے مسٹر ڈو کی موجودہ رپورٹس پر یقین نہیں کیا کیونکہ ٹی بی کے علاج کے لیے کئی مہینے ادویات لینی پڑتی ہے۔

سکول انتظامیہ نے زبردستی مقامی ہسپتال میں مسٹر ڈو کا معائنہ کرایا تو معلوم ہوا کہ انہیں کبھی یہ بیماری تھی ہی نہیں۔مقامی ہسپتال میں یہ بھی معلوم ہو گیا کہ پچھلے ایکسرے ایک بالکل مختلف شخص کے ہیں۔ جھوٹ پکڑے جانے پر مسٹر ڈو نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنی چھٹیاں بڑھانے کے لیے جعلی رپورٹ جمع کرائی تھیں۔مسٹر ڈو کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ پر رپورٹ خریدتے ہوئے انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ٹی بی اتنی سنجیدہ بیماری ہے۔ بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ مسٹر ڈو بچوں میں کافی مقبول ہیں۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اس جھوٹ کے بعد مسٹر ڈو کو ملازمت جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے یا نہیں۔