مصنوئی مہنگا ئی پر قابو پانے کیلئے پنجاب حکومت کا فارمر مارکیٹس، ہوم ڈلیوری سسٹم شروع کرنے کا فیصلہ

ناجائز منافع خوروں ، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بلا تفریق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ یوسف نسیم کھوکھر

جمعہ 8 نومبر 2019 23:33

لاہور۔8 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2019ء) صوبہ میں اشیاء خورونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے پنجاب حکومت نے تحصیل کی سطح پر فارمر (کسان) مارکیٹس کے قیام اور بڑے شہروں میں ہوم ڈلیوری سسٹم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ صوبے میں مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو فوری ریلیف دینے کیلئے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے کہا کہ ابتدائی طور پرلاہور، راولپنڈی ، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان میں ہوم ڈلیوری سسٹم بطور پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قیمتوں کی نگرانی اور صارفین کی شکایات کے ازالہ کے کیلئے قیمت ایپ کا آغاز کیا گیا تھا جس کے ذریعے اب اشیاء خورونوش کی سرکاری نرخوں پر آن لائن خریداری بھی ممکن ہو سکے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قیمت ایپ سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کیلئے عوام میں شعور اور آگاہی کو بڑھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتے سے مختلف اضلاع کی 30منڈیوں میں فارمر مارکیٹس کا آغازکر دیا جائے گا جہاں کسان براہ راست سستی سبز یاں ، پھل اور دیگر غذ ائی اجناس فروخت کر سکیں گے جبکہ بعد ازاں ہر ضلع میں تحصیل کی سطح پر دو فارمر مارکیٹس قائم کی جائیں گی۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ گرانفروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ،عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس اہم معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے حکم دیا کہ ناجائز منافع خوروں ، مصنوئی مہنگائی پیدا کرنے والوں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بلا تفریق کریک ڈائون کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عام دکانداروں کی بجائے ہول سیلرز پر زیادہ کڑی نظر رکھی جائے تاکہ قیمتوں میں استحکام لایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اشیاء خورونوش با لخصوص آٹا، چینی، گھی اور روٹی کی مقررہ نرخوں پر فروخت کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا اور اس سلسلے میں اضلاع میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اورمارکیٹ کمیٹیوں کو مزید متحرک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قیمتوں کے ساتھ سا تھ اشیاء کے معیار، طلب اور رسد پر بھی کڑی نظر رکھی جائے اورانتظامی افسران منڈیوں میں نیلامی کی خود نگرانی کریں۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، زراعت اور صنعت کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، چیئرمین پی آئی ٹی بی اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :