32 ماڈل بازاروں میں کسان براہ راست اپنی اجناس فروخت کرسکیں گے، سٹالز کا کرایہ نہیں لیاجائیگا، وزیراعلیٰ پنجاب

پیر 11 نومبر 2019 21:56

32 ماڈل بازاروں میں کسان براہ راست اپنی اجناس فروخت کرسکیں گے، سٹالز ..
لاہور۔11 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے کسانوں کو اپنی اجناس ماڈل بازاروں میں فروخت کرنے کے فیصلے کی منظوری دے دی ہے۔ فیصلے کے مطابق صوبے کے 32 ماڈل بازاروں میں کسان براہ راست اپنی اجناس فروخت کرسکیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کسانوں کو اجناس کی فروخت کیلئے ماڈل بازاروں میں سٹال فراہم کرے گی اور کسانوں سے سٹالز کا کرایہ یا کوئی اور فیس نہیں لی جائے گی۔

کاشتکار کھیت سے سبزیاں اور پھل لا کر براہ راست ماڈل بازار میں عوام کو فروخت کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں زرعی فیئر پرائس شاپس کا دائرہ کار بھی بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنائیں گے اور پرائس کنٹرول میکانزم پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کے حوالے سے حکومت زیروٹالرنس پالیسی پر عمل پیراہے۔

گراں فروشی کے خلاف جس ضلع سے شکایت آئی تو متعلقہ ڈپٹی کمشنر جوابدہ ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی کسی دباؤ کے بغیر کارروائی کی جائے اور انتظامیہ پرائس کنٹرول کیلئے خود میدان میں نکلے کیونکہ دفتروں میں بیٹھ کر عوام کو ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔

عملی اقدامات کر کے اشیائے ضروریہ کی مقررکردہ نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس عوام کو ریلیف دینے کیلئے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو روزانہ کی بنیادوں پر چیک کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سبزیوں، پھلوں اور دالوں کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ضلع کی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال انداز میں کام کرنا ہوگا۔