بات پیسوں کی نہیں ہے ، میاں صاحب اصول پسند ہیں

نواز شریف اس طرح سے ملک سے باہر نہیں جائیں گے۔ مسلم لیگ ن کی رہنما مائزہ حمید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 13 نومبر 2019 16:50

بات پیسوں کی نہیں ہے ، میاں صاحب اصول پسند ہیں
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 نومبر 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی رہنما مائزہ حمید نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ جیسا برتاؤ کیا جا رہا ہے وہ ان کی ہتک عزت ہے، بات پیسوں کی نہیں یہ اصولوں کا مسئلہ ہے اور اس طرح سے وہ ملک سے باہر نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضمانتی بانڈ کا معاملہ پیسوں کی بات نہیں بلکہ اصول اور نواز شریف کی انا کا معاملہ ہے، وہ تین مرتبہ کے وزیراعظم اور بہت اصول پسند انسان ہیں۔

مائزہ حمید نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے عدالتی احکامات کے عین مطابق ضمانتی بانڈز جمع کروا دیے تھے اب حکومت کی جانب سے ان بانڈز کو مانگنے کا کوئی جواز ہی نہیں ہے۔ کل رات گیارہ بجے تک غوروحوض کے لیے کابینہ کا اجلاس چلتا رہا، دراصل حکومت غور و حوض کی آڑ میں بہانہ کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

تاخیر کا مقصد حکومت کا اپنے ووٹرز اور سپورٹرز کو چورن بیچنا ہے کہ وہ میاں صاحب کو جانے نہیں دے رہے۔

لیگی رہنما مائزہ حمید نے کہا کہ نواز شریف کا بھی یہ ماننا ہے کہ جب میں ان کے ساتھ قانون کے مطابق چل رہا ہوں تو یہ میرے ساتھ ایسے کھلواڑ کیسے کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کیا کہا کہ اگر نواز شریف واپس نہیں آتے تو اس ملک میں ان کی جائیدادیں موجود ہیں، حکومت انہیں ضبط بھی کر سکتی ہے۔ یہ بھی یاد رکھیں کہ سابق وزیراعظم اپنی اہلیہ کو بستر مرگ پہ چھوڑ کر پاکستان آئے اور اپنی بیٹی کو نیب کے حوالے کیا، انہوں نے ایک روایت ڈال دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی لیے ہمارا موقف اصولی ہے کہ جب ایک بار عدالت میں ضمانتی بانڈ جمع کرا چکے ہیں تو دوبارہ کیوں کرائیں؟ خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا بیرون ملک جانا اور شورٹی بانڈز جمع کروانے کا معاملہ معمہ بن گیا ہے جس پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا۔ ذیلی کمیٹی نےمحفوظ فیصلہ پہلے صبح دس بجے سنانا تھا جسے چار بجے تک ملتوی کیا گیا تاہم تازہ ترین اطلاعات کے مطابق وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم اور فردوس عاشق اعوان سوا پانچ بجے پریس کانفرنس کریں گے جس میں ذیلی کمیٹی کے فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔