بڑھتی ہوئی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں، صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی

آنحضرت ﷺ کی بعثت ساری دنیا کیلئے سرمایہ حیات اور سرمایہ سعادت ہی: سیکرٹری جنرل مرکزی علماء کونسل پاکستان

جمعہ 15 نومبر 2019 23:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2019ء) مرکزی علماء کونسل پاکستان کے چیئرمین اور انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستا ن کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے جامع مسجد گول فیصل آباد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے کہا ہے کہ حضور ؐ کی پانچ خصوصیات ایسی ہیں جو کسی اور نبی کو عطاء نہیں کی گئیں ان میں ایک یہ ہے کہ آپ ؐ ابھی ایک ماہ کی مسافت پر ہوں تو دشمن پر اللہ کے نبی ؐکا رعب طاری ہوجاتا تھا۔

ساری زمین اللہ تعالیٰ نے نبی پاک ؐکیلئے مسجد اور پاکیزہ بنادی ہے ۔ حضور ؐ کا ہر امتی جہاں چاہے نماز پڑھ سکتا ہے۔ حضور ؐ کیلئے غنیمت کا مال حلال کردیا گیا جو کہ پہلے کسی پر حلال نہیں تھا ۔حضور رحمة اللعالمین ؐ کیلئے شفاعت کا حق دیا گیا اور آپ ؐ ساری دنیا کے انسانوں کیلئے نبی بناکر بھیجے گئے ۔

(جاری ہے)

سیرت طیبہ کا مطالعہ کرنے سے انسان کو شعور اور علم کی بلندیا ں حاصل ہوتی ہیں ۔

اللہ کے نبی ؐنے معذوروں اور ضعیفوں کے حقوق بھی اداکرنے کی تعلیم دی ہے۔ نبی کریم ﷺ نے ضعیفوں اور کمزوروں اور ناداروں کے ساتھ حد درجہ کریمانہ اور فاضلانہ اخلاق کا مظاہرہ کیا۔ اصحاب صفہ ؓ جو کہ غریب صحابہ تھے ان کا کوئی پرسان حال نہ تھا اللہ کے نبی ؐ نے ان کے ساتھ پوری پوری خیر خواہی فرمائی۔ آپ ؐ کی تعلیمات سے غریبوں سے محبت کا سبق ملتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کی نظر میں ضعفاء کی بڑی لمبی فہرست ہے جن میں سر فہرست بوڑھے ،بیمار،معصوم ،بچے ،قیدی ،یتیم ومسکین ،بیوہ اور بے سہارا لوگ شامل ہیں ان سب کے ساتھ اسلام اور نبی کی تعلیم حسن سلوک کا درس دیتی ہے ۔ ضعیف العمر لوگوں کا ساتھ دینے سے اور ہمدردی کرنے سے نصرت الٰہی ملتی ہے ۔آنحضرت ﷺ کی بعثت ساری دنیا کیلئے سرمایہ حیات اور سرمایہ سعادت ہے ۔

رسول اللہ ﷺ نے عالمگیر انسانی برادری اور مساوات کا جو عملی تصور پیش کیا وہ اتنا آشکارا ہے جس سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ اجتماع کے آخر میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں ۔ ملک بھر میں ضروریات اشیاء کی قیمتیں آسمان پر پہنچ چکی ہیں ۔ ٹماٹر ،آلو اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد ملک بھر میں عام آدمی کا جینا دن بہ دن مشکل دکھائی دیتا ہے۔ حکومت تمام انسانی روز مرہ کی ضروریات کی قیمتوں میں کمی لاکر عوام کو ریلیف دے اور یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اس ذمہ داری کو نبھانے کی ہر ممکن کوشش کرے اور اجتماع کے آخر میں فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کیلئے دعائے خیر کروائی گئی۔