اساتذہ اپنے مطالبات کے حق میں کل پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے

تعلیمی اداروں کی بلدیاتی ایکٹ2019کے تحت بلدیاتی اداروں کو حوالگی کسی صورت قبول نہیں‘تحریک اساتذہ پنجاب

منگل 19 نومبر 2019 18:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2019ء) تحریک اساتذہ پنجاب کی کال پر اساتذہ اپنے مطالبات کے حق میں کل ( بدھ) پنجاب اسمبلی کے سامین دھرنا دیں گے۔تحریک کے رہنمائوںسید سجاد اکبر کاظمی، چوہدری سرفراز، اللہ بخش قیصر، امتیاز عباسی، چوہدری صفدر او ردیگر نے کہا کہ آج 20 نومبر کو پنجاب بھر سے اساتذہ اور عہدیداران مطالبات کی منظوری تک پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے۔

انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ اساتذہ کو ڈرانا دھمکانا چھوڑ دیں۔ تحریک اساتذہ پنجاب کا احتجاج پُرامن ہے۔ اگر رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تو حالات کی ذمہ داری انتظامیہ پر ہوگی۔ تحریک اساتذہ پنجاب کے رہنمائوں نے کہ اساتذہ کسی صورت تعلیمی ادارے بلدیاتی اداروں کے حوالے نہیں ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

اساتذہ کو درپیش مسائل و مطالبات کئی مرتبہ ارباب اختیار تک پہنچا چکے لیکن منٹس آف میٹنگ جاری کر کے طفل تسلیاں دی جاتی ہیں۔

پے پروٹیکشن کے عدالتی فیصلہ پر عمل درآمد ،ایس ایس ایزکی ریگولرائزیشن ، پی ایس ٹی ،ای ایس ٹی اور ایس ایس ٹی کے لئے دیگر صوبوں کی طرح ٹائم سکیل ، پی ایس ٹی ، ای ایس ٹی اور ایس ایس ٹی کی پوسٹوں کی اپ گریڈیشن ، غیر منطقی ریشنلائزیشن ، ان سروس پرموشن میں تاخیر، ٹیچنگ لائسینسنگ کا خاتمہ، ٹیچنگ الائونس کا اجراء و دیگر مطالبات فی الفور منظور کر کے وزیر اعلی پنجاب ، صوبائی وزیر تعلیم پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری تعلیم سکولز پنجاب اساتذہ پنجاب میں پایا جانے والا اضطراب و بے چینی کا خاتمہ کریں۔