Live Updates

این آر او کس نے دینا ہے، عمران خان کو اب تو اچھی طرح معلوم ہوگیا ہوگا: ڈاکٹر عبدالغفور راشد

نواز شریف کی لندن روانگی قابل تحسین فیصلہ ،حکو مت تاخیری حربوں سے مرضی کے نتائج نہیں لے سکی

منگل 19 نومبر 2019 22:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 نومبر2019ء) پاکستان یونائیٹڈ کونسل کے چیئرمین اور ناظم ذیلی تنظیمات مرکزی جمعیت اہلحدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی علاج کے لئے لندن روانگی انسانی ہمدردی، سیاسی اور اخلاقی اعتبار سے درست اور قابل تحسین فیصلہ ہے ۔حکو مت نے تاخیری حربے استعمال کرکے اپنے منہ پر کالک ملی اور بدنامی اپنے نام تو کی ہے مگر اپنی مرضی کے نتائج نہیں لے سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کومروجہ سیاسی نظام کے مطابق فیصلے ، دعوے اور اعلانات کرنے چاہیں، ورنہ سوائے شرمندگی کے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ جیسا کہ عمران حکومت کے مقدر میں آچکا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ ثابت ہوگیا کہ فیصلے انہیں کے مانے جاتے ہیں، جن اداروں کے ہاتھوں میں اقتدار ہے۔

(جاری ہے)

این آر او کس نے دینا ہے، عمران خان کو اب تو اچھی طرح معلوم ہوگیا ہوگا۔

کیونکہ وہ تقریریں کرتے رہ گئے اور ان کے ہاتھ میں کچھ نہیں آیا۔ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ ہزارہ موٹروے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کے چہرے پر بے بسی مایوسی کے آثارنمایاں تھے اور وہ مایوسی کا اظہار کر رہے تھے۔ اس سے اندازہ ہو رہا ہے کہ عمران خان کے ہاتھ میں پہلے کچھ تھا اور نہ ہی اب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے دائرہ کار اور قدکاٹھ کے مطابق دعوے اور فیصلے کرنے چاہیں۔پاکستان کے ملکی حالات میں طاقت کا منبع کچھ اور ہے اور سامنے کچھ اور نظر آتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات