نواز شریف کے علاج کیلئے بیرون ملک جانے سے عوام میں ہمارے ملک میں غریب اور امیر کیلئے دو نظام ہونے کا تاثر گیا ، نواز شریف کو باہر بھیجنے کا طریقہ کار غلط ہے

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

بدھ 20 نومبر 2019 00:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2019ء) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف کے علاج کیلئے بیرون ملک جانے سے عوام میں یہ تاثر گیا کہ ہمارے ملک میں غریب اور امیر کیلئے دو نظام ہیں، نواز شریف کو باہر بھیجنے کا طریقہ کار غلط ہے اور ہمیں اس نظام کو ٹھیک کرنا ہو گا۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف فیملی کے پہلے بھی پانچ افراد جو مطلوب و مفرور ہیں وہ باہر بیٹھے ہوئے ہیں اور پاکستان میں آ کر عدالتوں میں اپنے مقدمات کا سامنا کرنے کیلئے تیار نہیں اسلئے مجھے لگتا ہے کہ نواز شریف بھی علاج کے بعد واپس نہیں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی تحریک پہلے ہی پٹ چکی ہے، مولانا اپنی خواہش کے مطابق حکومت جانے کے بیانات دیتے رہیں گے، جے یو آئی کے مارچ میں عام شہری نہیں بلکہ مدارس کے بچے شامل تھے، اسلام آباد سے دھرنا ختم ہوتے ہی وہ لوگ بھی ساتھ نہیں رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ غیرجمہوری اقدام اٹھانے سے مولانا فضل الرحمان کی سیاسی حیثیت کو بھی بڑا نقصان پہنچا ہے اور وہ رہی سہی عزت بھی گنوانے کے چکر میں لگے ہوئے ہیں، حکومت نے جوابی وار کیا تو مولانا کو پتا چل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ ہیں اور ان کے رہنما بھی وضاحت دے چکے ہیں۔