Live Updates

اسٹاک ایکسچینج میں تیزی 10 ماہ کے وقفے کے بعد 40 ہزار کی حد کو عبور کر لیا

رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں برآمدات میں8 اعشاریہ4 فیصد اضافہ ہوا ہے. رزاق داﺅد

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 2 دسمبر 2019 21:57

اسٹاک ایکسچینج میں تیزی 10 ماہ کے وقفے کے بعد 40 ہزار کی حد کو عبور کر ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 دسمبر ۔2019ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے تقریباً 10 ماہ کے وقفے کے بعد 40 ہزار کی حد کو عبور کر لیا ہے .اسٹاک مارکیٹ کے بینچ مارکیٹ کے ایس ای 100 انڈیکس' ایک ہی دن میں 836 پوائنٹس (2.08 فیصد) اضافے کے بعد 40 ہزار 122 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا.اسٹاک میں اضافہ بنیادی طور پر کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی 'موڈی' کی جانب سے پاکستان کی معاشی صورتحال کو منفی سے مستحکم کرنے کے اعلان کے بعد ہوا‘کاروبار کے دوران مجموعی طور پر 36 کروڑ 16 لاکھ سے زائد حصص کا لین دین ہوا جن کی مالیت 13 ارب 75 کروڑ روپے رہی.

(جاری ہے)

اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 392 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 284 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 91 کی قیمتوں میں کمی جبکہ 17 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا. تین سرفہرست ٹریڈنگ کمپنیوں میں 7 کروڑ 49 لاکھ سے زائد شیئرز کے کاروبار کے ساتھ بینک آف پنجاب، 4 کروڑ 8 لاکھ سے زائد حصص کے کاروبار کے ساتھ کے ای ایل اور 3 کروڑ 77 لاکھ شیئرز کے حجم کے ساتھ یونیٹی رہی.

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں پاکستانی برا?مدات کا حجم 9 ارب 55 کروڑ ڈالر رہا ہے‘ایک بیان میں عبدالرزاق داﺅد نے کہاکہ رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں برآمدات میں8 اعشاریہ4 فیصد اضافہ ہوا ہے. انہوں نے مزید کہاکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں پاکستانی برآمدات کا حجم 9 ارب 11 کروڑ ڈالر تھا،رواں سال اس میں 44کروڑ ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے‘مشیر تجارت نے یہ بھی کہاکہ رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں درآمدات کا حجم 19 ارب 4 کروڑ ڈالر رہا جو کہ گزشتہ مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں 23 ارب 59 کروڑ ڈالر تھا.

انہوں نے کہاکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں درآمدات میں 4 ارب 55 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی‘مشیر تجارت کے مطابق مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ میں تجارتی خسارہ 9 ارب 50 کروڑ ڈالر رہا، گزشتہ سال اسی عرصے میں تجارتی خسارہ 14 ارب 48 کروڑ ڈالر تھا اور یہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے تجارتی خسارے میں 4 ارب 98 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی ہے. انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال نومبر کے دوران برآمدات 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں، گزشتہ مالی سال نومبر کے مقابلے میں رواں مالی سال نومبر کے دوران برآمدات میں 9.6 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ رواں مالی سال نومبر کے دوران تجارتی خسارے میں بھی 17.53 فیصد کمی ہوئی ہے.

خیال رہے کہ گزشتہ روز فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین شبر زیدی نے کہا تھاکہ نومبر میں 334 ارب روپے محصولات اکھٹے کیے ہیں جو کہ گزشتہ سال کے 5 ماہ میں اکھٹے کیے گئے ریونیو سے17فیصد زیادہ ہیں.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات