انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے وفد کا پاکستان کا دورہ، کئے جانے والے جوہری سلامتی کے اقدامات کی تعریف

جوہری سلامتی ریاست کی ذمہ داری ہے اور پاکستان نے اسے مضبوط بنانے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں،دفتر خارجہ کا بیان

ہفتہ 7 دسمبر 2019 14:29

انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے وفد کا پاکستان کا دورہ، کئے جانے والے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2019ء) انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے وفد نے راجا عبدالعزیز کی قیادت میں 4 سے 7 دسمبر تک پاکستان کا دورہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ آئی اے ای اے اور پاکستان نیوکلیئر سیکیورٹی کوآپریشن پروگرام کا ایک حصہ تھا ،ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 2005 میں پاکستان میں جوہری سلامتی کے نظام کی تاثیر کو بڑھانے کے لئے باہمی اتفاق کیا گیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس پروگرام کو 2011 میں بڑھایا گیا تھا تاکہ اضافی شعبوں کو بھی شامل کیا جاسکے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایاکہ اس پروگرام کے تحت تمام سرگرمیاں پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے زیر انتظام ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق راجہ عدنان نے کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ کا دورہ کیا،وفد نے پاکستان کی جانب سے آئی اے ای اے کی سفارشات کے مطابق کیے جانے والے جوہری سلامتی کے اقدامات کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران وفد نے پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین ظہیر ایوب بیگ اور پاکستان جوہری توانائی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم سے بھی ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق جوہری سلامتی ریاست کی ذمہ داری ہے اور پاکستان نے اسے مضبوط بنانے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان جوہری سلامتی کو فروغ دینے کی انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی کوششوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے۔