ن لیگ کے سینئر رہنما خواجہ عمران نذیر پر مبینہ قاتلانہ حملہ

سابق حکمراں جماعت نے پارٹی رہنما کو پیش آئے حادثے کی تحقیقات کروانے کا مطالبہ کر دیا

muhammad ali محمد علی پیر 9 دسمبر 2019 23:52

ن لیگ کے سینئر رہنما خواجہ عمران نذیر پر مبینہ قاتلانہ حملہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 دسمبر2019ء) ن لیگ کے سینئر رہنما خواجہ عمران نذیر پر مبینہ قاتلانہ حملہ، سابق حکمراں جماعت نے پارٹی رہنما کو پیش آئے حادثے کی تحقیقات کروانے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور لاہور کی تنظیم کے صدر خواجہ عمران نذیر ٹریفک حادثے کا شکار ہو کر شدید زخمی ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ خواجہ عمران نذیر کو حادثہ لاہور میں پیش آیا۔

خواجہ عمران نذیر کو ابتدائی طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جایا گیا تھا جس کے بعد ان کی حالت بہتر ہے۔ اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے کچھ رہنما دعویٰ کر رہے ہیں کہ ممکنہ طور پر خواجہ نذیر کو پیش آیا حادثہ ایک قاتلانہ حملہ ہو سکتا ہے۔ مسلم لیگ ن نے لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات کیلئے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد بھی جمع کر ادی ۔

(جاری ہے)

قرارداد میں خواجہ عمران نذیر سے اظہار ہمدردی اور ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کرتے ہوئے بطور سیاسی کارکن خدمات کو خراج تحسین پیش پیش کیا گیا۔ جبکہ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ واقعہ کی آزادانہ اور شفاف انداز میں تحقیقات کرائی جائیں۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد شہباز شریف نے لاہورکے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر کو ٹیلیفون کر کے ان کی خیریت اور واقعہ بارے دریافت کیا۔ شہبازشریف نے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر کو اپنی حفاظت یقینی بنانے ہدایت کی۔شہبازشریف نے خواجہ عمران نذیر کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔