متنازعہ ویڈیو گیم میں کھلاڑی یسوع مسیح بن کر کھیلتے ہیں

Ameen Akbar امین اکبر منگل 10 دسمبر 2019 23:56

متنازعہ ویڈیو گیم میں کھلاڑی یسوع مسیح بن کر کھیلتے ہیں
یسوع مسیح کے حوالے سے بہت سے فلمیں اور ڈاکیومنٹریز تو بنائی جا چکی ہیں لیکن اب  یسوع مسیح پر ویڈیو گیم بھی بن گئی ہے، جو لانچ ہونے سے پہلے ہی کافی متنازعہ ہوگئی ہے۔ اس  ویڈیو گیم میں کھلاڑی یسوع مسیح بن کر کھیلتے ہیں اور بائبل کے نئے عہد نامے میں لکھے ہوئے بہت سے واقعات کو دوہراتے ہیں۔
اس ویڈیو گیم کا نام ”آئی ایم جیزز کرائسٹ“ ہے۔آنے والی اس گیم کو  ڈویلپر پلے وے نے بنایا ہے۔

یہ گیم بائبل کے نئے عہد نامے سے متاثر ہو کر بنایا گیا  حقیقی سیمولیٹر ہے۔اس گیم میں یسوع مسیح کی زندگی کے اہم واقعات کو دکھایا گیا ہے۔اس گیم کے ٹریلر میں یسوع مسیح کو  ایک نابینا خاتون کا بینا کرنے، بھوکے مچھیرے کے لیے  خالی ٹوکری سے مچھلیاں نکالنے،  طوفان میں پھنسے جہاز کو نکالنے کے لیے  پانی چلنے،جیسے معجزات دوہرائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)


اس گیم کی تفصیل میں لکھا ہوا ہے” اس انتہائی حقیقی سیمولیشن گیم میں زمین کے مقبول انسان   یسوع مسیح بن جائیں۔ طاقت حاصل کرنے کے لیے دعا کریں، بائبل سے اُن کی طرح کے معجزات کریں، جیسے بدروحیں بھگانا، بیماروں کو تندرست کرنا ، بھوکوں کو کھانا کھلانا، دوبارہ زندہ ہونا اور بہت کچھ، یہ سب آئی ایم جیزز کرائسٹ میں“
آئی ایم جیزز کرائسٹ گیم کے حوالے سے  کیتھولک چرچ کا رد عمل تو ابھی آنا ہے لیکن اس متنازعہ   ویڈیو گیم نے  انٹرنیٹ پر ایک نئے تنازعے  کو جنم دے دیا ہے۔

گیم میں یسوع مسیح کو مصلوب کرنے اور بعد میں زندہ ہونے  جیسے واقعات  کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ہر طرح کے تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔کچھ لوگ اسے مزاح خیال کر رہے ہیں اور کچھ کے مطابق  یہ توہین مذہب  اور گھٹیا حرکت ہے۔
پولش ویڈیو گیم ڈویلپر پلے وے  سیمولیشن گیمز بنانے  کے حوالے سے کافی مقبول ہے۔ پلے وے روایتی کھیتی باڑی اور آٹو میکنزم  سیمولیٹر بھی بنا چکے ہیں۔ انہوں نے امریکی صدر کے لیے بھی ایک سیمولیٹر بنایا تھا۔ تاہم آئی ایم جیزز کرائسٹ ا ُن کی اب تک کی سب سے متنازعہ گیم ہے۔