Live Updates

روس کا پاکستان کو دنیا کا جدید ترین مسافر طیارہ دینے کا فیصلہ

روس کی جانب سے آسان شرائط پر پاکستان کو سکوئی سپر جٹ 100 مسافر طیارہ فراہم کیا جائے گا

muhammad ali محمد علی بدھ 11 دسمبر 2019 20:12

روس کا پاکستان کو دنیا کا جدید ترین مسافر طیارہ دینے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 دسمبر2019ء) روس کا پاکستان کو دنیا کا جدید ترین مسافر طیارہ دینے کا فیصلہ، روس کی جانب سے آسان شرائط پر پاکستان کو سکوئی سپر جٹ 100 مسافر طیارہ فراہم کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق روس نے پاکستان ائیرلائن کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے مسافر طیارے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ روس پاکستان کو سکوئی سپر جٹ 100 مسافر طیارے فراہم کرے گا۔

پاکستان کو سکوئی سپر جٹ 100 مسافر طیارے آسان شرائط پر فراہم کیے جائیں گے۔ سکوئی سپر جٹ 100 مسافر 100 مسافروں کی گنجائش والا طیارہ ہے جسے روس کے بہترین مسافر طیاروں میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے ان طیاروں کو مقامی فلائٹوں کیلئے استعمال کرے گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے روسی فیڈریشن کے وزیر برائے تجارت و صنعت ڈینس منتروف نے بدھ کو یہاں ملاقات کی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے روس کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو نئی جہت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ روسی وزیر نے صدر پیوٹن کی جانب سے مبارکباد کا خصوصی پیغام وزیراعظم کو پہنچایا اور وزیراعظم نے گرمجوشی کے ساتھ شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے جون 2019ء میں بشکیک میں ایس سی او کونسل کے سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر صدر پیوٹن کے ساتھ اپنی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر روسی صدر کے ساتھ بامعنی گفتگو ہوئی۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ صدر پیوٹن جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے۔ پاکستان اور روس کے باہمی تعلقات میں مثبت تبدیلیوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے توقع ظاہر کی کہ دونوں ممالک توانائی، تیل و گیس، کان کنی کے شعبوں سمیت میٹالرجی، ریلویز، ہوا بازی، آئی ٹی، زراعت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔ انہوں نے پاکستان میں کاروباری ماحول میں بہتری اور کاروباری آسانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں میکرو اکنامک صورتحال بہتر ہوئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے رابطوں کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ روسی وزیر منتروف نے وزیراعظم عمران خان کو گزشتہ روز ہونے والے چھٹے پاک روس بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس کے دوران مختلف شعبوں کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ روس کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کو دہرایا اور اس بات سے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک توانائی، ہوا بازی، صنعت، ریلویز اور زراعت کے شعبوں میں دوطرفہ شراکت داری کو وسعت دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے قیادت کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ آئندہ سال 2020ء کے دوران اپنے دورہ روس کے منتظر ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات