پاکستان فرانس کے ساتھ معاشی تعاون بڑھانے کی خواہش رکھتا ہے،

پاکستان میں سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ کاری کی کافی گنجائش موجود ہے، بھارت کے متنازعہ شہریت (ترمیمی) ایکٹ 2019 نے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے، صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کی فرانس کے سفیر مارک بریٹی سے گفتگو

جمعہ 13 دسمبر 2019 15:34

پاکستان فرانس کے ساتھ معاشی تعاون بڑھانے کی خواہش رکھتا ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2019ء) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ پاکستان فرانس کے ساتھ معاشی تعاون بڑھانے کی خواہش رکھتا ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ کاری کی کافی گنجائش موجود ہے، متنازعہ شہریت (ترمیمی) ایکٹ 2019 کا اعلان بھارتی سیکوالرزم کی بدنامی ہے اور اس نے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایوان صدر میں پاکستان میں فرانس کے سفیر مارک بریٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدرنے کہا کہ کشمیر میںمکمل طور پر لاک ڈاؤن ہے جہاں کشمیری عوام کی تمام شہری آزادیاں معطل ہیں اور ان پر وحشیانہ تشدد، عصمت دری اور قید کی سزا دی جارہی ہے۔ کشمیری عوام کی بدترین حالت زار کا ذکرکرتے ہوئے انہوں نے امیدظاہر کی کہ فرانس کشمیری عوام کے دکھوں کے خاتمے میں اپنا صحیح کردار ادا کرے گا اوربھارت پرکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکنے پر زور دے گا۔

(جاری ہے)

صدر نے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دو طرفہ سطح کے ساتھ ساتھ یوروپی یونین کے تناظر میں فرانس کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے اس اطمینان کا اظہار کیا کہ پارلیمانی دوستی گروپوں سمیت دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان اعلی سطح پر رابطے موجود ہیں جنہوں نے باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ معاشی تعاون بڑھانے کی خواہش رکھتا ہے اور اس کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی کافی گنجائش موجود ہے۔صدر نے کہا کہ فرانس میں ایک لاکھ پاکستانی عوام کی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے کے لئے پل کا کردار اد ا کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں، یہ ثقافتی نمونوں سے مالا مال ہے اور فرانسیسی عوام کوان مواقع سے مستفید ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی عالمی خطرہ ہے اور پاکستان کا کاربن میں کم حصہ ہونے کے باوجود وہ زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ اس کے سنگین نتائج کو کم کرنے کے لئے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانا ہوگا۔ مسئلہ کشمیر کا حوالہ دیتے ہوئے فرانس کے سفیر نے کہا کہ فرانس کی واضح پالیسی ہے کہ انسانی حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جانا چاہئے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی ایک سنجیدہ عالمی مسئلہ ہے اور اس سلسلے میں فرانس خصوصی وظائف کی پیش کش کررہا ہے۔ انہوں نے پاکستانی اور فرانسیسی ماہرین تعلیم کے مابین تعلیمی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ اس تناظر میں ٹرینرز کی تربیت بھی بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی خوبصورتی سے مالا مال ہے بالخصوص اس کے شمالی علاقوں میںسیاحت کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔