برطانوی شاہی محل میں 50 ہزار پاؤنڈز کی انوکھی نوکری

کام ملکہ الزبتھ کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ چلانا،ملازمت میں ہفتہ میں دو چھٹیاں، روزانہ دوپہر کا مفت کھانا اور سال میں 33 چھٹیاں شامل

Usama Ch اسامہ چوہدری اتوار 15 دسمبر 2019 20:59

برطانوی شاہی محل میں 50 ہزار پاؤنڈز کی انوکھی نوکری
لندن (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 15 دسمبر 2019) : برطانوی شاہی محل میں 50 ہزار پاؤنڈز کی انوکھی نوکری سامنے آگئی ہے۔ کام ملکہ الزبتھ کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ چلانا ہے۔ اس ملازمت میں ہفتہ میں دو چھٹیاں، روزانہ دوپہر کا مفت کھانا اور سال میں 33 چھٹیاں شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملکہ برطانیہ کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو چلانے کے لیے ایک ماہر کی ضرورت ہے۔

ملکہ برطانیہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر اور انسٹا گرام استعمال کرتی ہیں جن کو اچھے طریقے سے استعمال کرنے کے لیے ان کو ایک ماہر کی ضرورت ہے۔ شاہی خاندان نے اس عہدے کو ’ہیڈ آف ڈیجیٹل انگیجمنٹ‘ کا نام دیا ہے۔ شاہی خاندان کی جانب سے ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ ہمیں ایک ایسے شخص کی تلاش ہے جو کہ سوشل میڈیا کو چلانا جانتا ہو اور پوری دنیا کو ملکہ برطانیہ کی موجودگی کا احساس دلاتا رہے۔

(جاری ہے)

اس پوسٹ کے شائع ہونے کے بعد قریباً200سے زائد امیدواروں نے اس میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ اس ملازمت کے لیے سالانہ تنخواہ 45 ہزار سے 50 ہزار پاؤنڈز ہو مقرر ہوئی ہے جس میں کمی بیشی کا انحصار امید وار کے ذاتی تجربے پر ہو گا۔ کامیاب امید وار کے فرائض میں یہ شامل ہے کہ وہ شاہی خاندان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو دیکھے، ڈیجیٹل حکمت عملی بنائے اور ڈیجیٹل میڈیا کی ایک چھوٹی ٹیم بھی تشکیل دے۔

اس کے علاوہ شاہی محل میں ٹکٹوں کی فروخت اور معلومات کے لیے ایک سینئیر آئی ٹی آڈیٹر ،ایک معاون اور شاہی سفر کے لیے ایک ڈائریکٹر کی آسامیاں بھی خالی پڑی ہیں۔ شاہی خاندان کے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر69لاکھ، ٹوئٹر پر41لاکھ فالورز جبکہ فیس بک پر قریباً 50لاکھ لائیکس موجود ہیں۔ یار رہے کہ ملکہ برطانیہ نے اپنا پہلا ٹوئٹ سائنس میوزیم کے ایک دورے کے دوران کیا تھا جس میں انکا کہنا تھا کہ آج سائنس میوزیم میں انفارمیشن ایج کی نمائش کا افتتاح مسرت کی بات ہے اور مجھے امید ہے کہ لوگ اس سے لطف اٹھائیں گے۔ اس پوسٹ کو 42 ہزار سے زیادہ لائیکس اور 36 ہزار سے زیادہ ری ٹویٹس ملی تھیں۔