نواز شریف نے الیکشن کمیشن کو خلائی مخلوق کہا ہوگا‘ رانا تنویر حسین

ہم نے کسی پر الزامات نہیں لگائے لیکن ہم کہتے ہیں الیکشن کمیشن نے دھاندلی کروائی

ہفتہ 4 جنوری 2020 23:38

نواز شریف نے الیکشن کمیشن کو خلائی مخلوق کہا ہوگا‘ رانا تنویر حسین
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2020ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف نے الیکشن کمیشن کو خلائی مخلوق کہا ہوگا،ہم نے کسی پر الزامات نہیں لگائے لیکن ہم کہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن نے دھاندلی کروائی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جب رانا تنویر سے سوال کیا گیا کہ آپ لوگ خلائی مخلوق اور محکمہ زراعت کسے کہتے رہے تو ان کا کہنا تھا کہ محکمہ زراعت تو محکمہ زراعت ہی ہے۔

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ ترمیمی بل کی حمایت کے حوالے سے جب ان سے سوال کیا گیا تو اس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک قانون کی بات کر رہے ہیں سپریم کورٹ نے ہدایت کی ہے کہ پارلیمنٹ اسے ریگولیٹ کرے۔دوران گفتگو انتخابات میں دھاندلی کے الزامات سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی پر الزامات نہیں لگائے لیکن ہم کہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن نے دھاندلی کروائی ہے۔

(جاری ہے)

صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ یہ خلائی مخلوق الیکشن کمیشن تھا'تو اس پر رانا تنویر نے جواب دیا کہ کسی نے خلائی مخلوق کہہ دیا ہوگا۔اس پر صحافی نے کہا کہ کسی نے نہیں آپ کے قائد نواز شریف نے کہا تھا تو اس کے جواب میں رانا تنویر نے کہا کہ اچھا تو پھر انہوں نے دیکھا ہوگا، الیکشن کمیشن کی عزت کی ہوگی اور نام نہیں لیا ہوگا اور خلائی مخلوق کہہ دیا ہوگا۔آخر میں جب ان سے پوچھا گیا کہ مطلب نواز شریف الیکشن کمیشن کو خلائی مخلوق کہہ رہے تھے تو انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے۔