مبشر لقمان کی فواد چودھری کیخلاف تھانہ ماڈل ٹاؤن میں مقدمے کی درخواست

فواد چودھری دس بارہ غنڈوں کے ہمراہ مجھ پر حملہ آور ہوئے، میری استدعا ہے کہ فواد چودھری کیخلاف مقدمہ درج کرکے مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔ اینکر پرسن مبشر لقمان کا درخواست میں مئوقف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 6 جنوری 2020 01:21

مبشر لقمان کی فواد چودھری کیخلاف تھانہ ماڈل ٹاؤن میں مقدمے کی درخواست
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 جنوری 2020ء) اینکر پرسن مبشر لقمان نے وفاقی وزیر فواد چودھری کیخلاف تھانہ ماڈل ٹاؤن میں مقدمے کی درخواست جمع کروا دی، مبشر لقمان نے مئوقف اپنایا کہ فواد چودھری دس بارہ غنڈوں کے ہمراہ مجھ پر حملہ آور ہوئے،میری استدعا ہے کہ فواد چودھری کیخلاف مقدمہ درج کرکے مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام کھرا سچ کے اینکر پرسن مبشر لقمان نے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کیخلاف اندراج مقدمہ کیلئے تھانہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں درخواست دے دی ہے۔

مبشر لقمان نے درخواست میں اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے سے متعلق پولیس کو آگاہ کیا کہ 5 جنوری بروز اتوار کو دوپہر صوبائی وزیر محسن لغاری کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں شرکت کیلئے ماڈل ٹاؤن قصر نور شادی ہال گیا۔

(جاری ہے)

جہاں پر وزیر اعلیٰ پنجاب ، گورنر پنجاب ، تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں نے سمیت دیگراہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس دوران شادی میں فواد چودھری دس بارہ غنڈوں کے ہمراہ مجھ پر حملہ آور ہوگئے، مجھے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

واقعہ کے گواہان بھی موجود تھے جنہوں نے یہ سارا واقعہ دیکھا۔اسی طرح فواد چودھری نے مجھے بذریعہ فون بھی دھمکیاں دیں کہ اگر تم باز نہ آئے تو تمہیں قتل کروادوں گا۔میں ایک شریف شہری اور پیشہ کے اعتبار سے صحافی اور اینکر پرسن ہوں، مجھے حکومت نے صحافتی خدمات کے اعتراف میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ بھی دیا ہے۔ میری استدعا ہے کہ فواد چودھری کیخلاف مقدمہ درج کرکے مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔

واضح رہے ٹی وی اینکر نے حریم شاہ سے متعلق فواد چوہدری پر الزام لگایا تھا۔ فواد چوہدری نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ایسے اینکر کا صحافت سے کوئی تعلق نہیں ہے، صحافت میں گھسے ایسے لوگوں کو بے نقاب کرنا سب کا فرض ہے۔ خیال رہے کہ فواد چوہدری نے اس سے پہلے بھی فیصل آباد میں ایک تقریب میں ایک ٹی وی اینکر کو تھپڑ مارا تھا۔