اماراتی حکومت نے عارضی ویزہ کی معیاد چند ماہ سے بڑھا کر کئی برس کر دی

اب متحدہ عرب امارات میں سیاحتی ویزا پانچ سال کے لئے جاری کیا جائے گا جسکو تمام ممالک کی شہری متعدد مرتبہ استعمال کر سکیں گے : اماراتی وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کا اعلان

Usama Ch اسامہ چوہدری پیر 6 جنوری 2020 19:12

اماراتی حکومت نے عارضی ویزہ کی معیاد چند ماہ سے بڑھا کر کئی برس کر دی
دبئی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ 6 جنوری 2020) : اماراتی حکومت نے ویزٹ ویزہ کی معیاد چند ماہ سے بڑھا کر کئی برس کر دی، اماراتی وزیراعظم اور دبئی کے حاکم کے اعلان کے مطابق اب متحدہ عرب امارات میں سیاحتی ویزا پانچ سال کے لئے جاری کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم و نائب صدر اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المکتوم نے پیر کے روز امارات کا رخ کرنے والے غیر ملکیوں کیلئے خصوصی اعلان کیا ہے۔

اماراتی وزیراعظم کے اعلان کے مطابق اب متحدہ عرب امارات میں سیاحتی ویزا پانچ سال کے لئے جاری کیا جائے گا۔ شیخ محمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے میں پیغام بتایا کہ آج ان کی جانب سے متحدہ عرب امارات میں سیاحتی ویزا جاری کرنے کے نظام کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سیاحتی ویزا کی مدت کو پانچ سال کے لئے کر دیا ہے جس کے اہل تمام ممالک کے شہری ہوں گے۔

اماراتی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پانچ سالہ مدت والے سیاحتی ویزے کو متعدد بار استعمال بھی کیا جا سکے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سالانہ 21 ملین سے زیادہ سیاح یہاں آتے ہیں۔ اور چونکہ ہم متحدہ عرب امارات کو بین الاقوامی سیاحتی مقام کے طور پر منوانا چاہتے ہیں، اس لیے سیاحتی کے حصول کو آسان اور اس کی معیاد میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ یہاں واضح رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات کا وزٹ ویزہ صرف چند ماہ کی مدت کیلئے کارآمد ہوتا تھا۔

تاہم اب وزٹ ویزہ پر امارات کا رخ کرنے والے غیر ملکی طویل قیام کی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔ یہ فیصلہ انتہائی اہم موقع پر کیا گیا ہے، جب دبئی میں ایکسپو ۲۰۲۰ کی تیاریاں عروج پر ہیں، اور لاکھوں لوگ اس ایکسپو کو دیکھنے کیلئے دبئی اور امارات میں آئیں گے۔