شارجہ میں نسوار اور دیگر ممنوعہ تمباکو مصنوعات فروخت کرنے والا سٹور بند کروا دیا گیا

بند ہونے والا جنرل سٹور کافی عرصہ سے نسوار، شینی اور تمباکو کی مختلف ممنوعہ مصنوعات فروخت کر رہا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 9 جنوری 2020 15:47

شارجہ میں نسوار اور دیگر ممنوعہ تمباکو مصنوعات فروخت کرنے والا سٹور ..
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جنوری 2020ء) شارجہ میں بلدیہ حکام نے ایک کارروائی کے دوران ممنوعہ تمباکو مصنوعات اور نسوار فروخت کرنے پر ایک جنرل سٹور کو بند کر دیا ہے۔ اس جنرل اسٹور پر فروکت کی جانے والی اکثر اشیاء زائد المیعاد بھی پائی گئیں، جو صارفین کی صحت کے لیے نقصان دہ تھیں۔ تفصیلات کے مطابق ایک رہائشی علاقے میں میں واقع جنرل اسٹور پر چھاپہ مارا گیا تو وہاں پر نسوار اور شینی سمیت دیگر ممنوعہ تمباکو مصنوعات فروخت کی جا رہی تھیں۔

جبکہ دیگر کھانے پینے کی اشیاء میں سے بھی بہت سی زائد المیعاد ہو چکی اور کچھ کی پیکنگ بہت خراب حالت میں تھی۔ جو صارفین کی صحت کے لیے مضر تھیں۔ شارجہ میونسپلتی کے انسپکشن اینڈ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر خلیفہ بو غنیم السوویدی نے بتایا کہ اس جنرل اسٹور پر روزمرہ کی نگرانی مہم کے تحت چھاپہ مارا گیا ۔

(جاری ہے)

جس کا مقصد سُپر مارکیٹس اور جنرل اسٹورز میں فروخت ہونے والی اشیاء کے حوالے سے سیفٹی اور ریگولیشن کے قواعد کی جانچ کرنا تھا۔

جب اس اسٹور کو چیک کیا گیا تو یہاں پر کھانے پینے کی کئی اشیاء گلی سڑی حالت میں پائی گئیں، جن سے شدید بدبو اُٹھ رہی تھی۔ اس کے علاوہ کھانے پینے کی اشیاء کے سامان میں ہی ممنوعہ تمباکو مصنوعات اور نسوار وغیرہ بھی چھُپا کر رکھی گئی تھی۔ جو کہ دُکاندار کی جانب سے اپنے خاص گاہکوں کی جانب سے طلب کیے جانے پر انہیں خفیہ طور پر فروخت کی جارہی تھیں۔

سٹور کے مالک نے اپنی دُکان کے ہی ایک حصّے کو گودام میں تبدیل کر رکھا تھا ۔ بلدیہ کے انسپکٹرز نے تمام ممنوعہ مصنوعات اور زائد المعیاد خوردنی اشیاء بھی ضبط کر لیں اور ان کے معائنے کے لیے فوڈ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو بھجوا دیا گیا۔جس کے بعد سٹور کو سِیل کر دیا گیا۔ السویدی کا کہنا تھا کہ بلدیہ کی مہم کا مقصد شارجہ کے عوام کو حفظانِ صحت کے اصولوں پر پُوری اُترنے والی غذائی اجناس کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے اور غیر معیاری اور زائد المعیاد اشیاء فروخت کرنے والوں کو قانون کی پکڑ میں لانا ہے۔

متعلقہ عنوان :