لندن کی مسجد کا چیریٹی ایونٹ، خواتین کی دوڑ مقابلے میں شرکت پر پابندی کو تنقید کا سامنا

اشتہار میں واضح کیا گیا کہ یہ دوڑ صرف مردوں، ہر عمر کے لڑکوں اور 12 سال سے کم عمر لڑکیوں کے لیے ہے،رپورٹ

جمعرات 16 اکتوبر 2025 15:36

لندن کی مسجد کا چیریٹی ایونٹ، خواتین کی دوڑ مقابلے میں شرکت پر پابندی ..
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) برطانیہ میں خواتین کو ایک چیریٹی رن میں شرکت سے روکنے پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ یہ دوڑ لندن کے ایک پارک میں مشرقی لندن کی مسجد کی جانب سے منعقد کی گئی تھی۔برطانوی وزیر برائے کمیونٹیز اسٹیو ریڈ نے اس فیصلے کو مکمل طور پر ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مقام پر خواتین کو مردوں کے ساتھ دوڑنے سے روکنا افسوسناک ہے۔

یہ چیریٹی رن مسجد کی سالانہ پانچ کلومیٹر فنڈ ریزنگ تقریب تھی، اشتہار میں واضح کیا گیا کہ یہ دوڑ صرف مردوں، ہر عمر کے لڑکوں اور 12 سال سے کم عمر لڑکیوں کے لیے ہے۔برطانوی اخبارکی رپورٹ کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید شروع ہوئی اور مطالبہ کیا گیا کہ ایکوئیلٹی اینڈ ہیومن رائٹس کمیشن اس معاملے کی تحقیقات کرے کہ آیا یہ اقدام برطانیہ کے مساواتی قوانین کی خلاف ورزی تو نہیں۔

(جاری ہے)

اسٹیو ریڈ نے کہا، میں اس واقعے پر کسی کی طرح حیران اور افسردہ ہوں، یہ ناقابلِ قبول ہے کہ خواتین کو عوامی تفریحی دوڑ سے روکا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر EHRC نے قانون کی خلاف ورزی ثابت کی تو اس کے نتائج اور سزائیں ہوسکتی ہیں۔مسجد انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ خواتین کو کھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دیتی ہے اور کمیونٹی کی ضروریات کو سمجھنے کے لیے پرعزم ہے، تاہم انہوں نے اتوار کے مخصوص ایونٹ سے متعلق براہ راست وضاحت نہیں دی۔