وزیراعظم عمران خان نے اضاخیل ڈرائی پورٹ کا افتتاح کر دیا

جدید سہولیات سے لیس ڈرائی پورٹ معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کریگی ،تجارتی مال کی کراچی پورٹ سے آمد، بذریعہ سڑک افغان منتقلی کا عمل آسان ہوگا، بریفنگ

جمعہ 10 جنوری 2020 18:34

وزیراعظم عمران خان نے اضاخیل ڈرائی پورٹ کا افتتاح کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2020ء) وزیر اعظم عمران خان نے نوشہرہ میں اضاخیل ڈرائی پورٹ کا افتتاح کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کو خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں اضاخیل ڈرائی پورٹ کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید ، وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیرا عظم کو بتایا گیا کہ اضاخیل ڈرائی پورٹ اپنی نوعیت کی جدید ڈرائی پورٹ ہے جسے 50 کروڑ 70 لاکھ روپے کی خطیر لاگت سے ایک سال کے عرصے میں مکمل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس ڈرائی پورٹ کی تعمیر سے تجارتی مال کی کراچی پورٹ سے آمد اور بذریعہ سڑک افغانستان منتقلی کا عمل آسان ہو گا جس سے پاکستان اور افغا نستان کے تاجر خاص طور پر مستفید ہو سکیں گے، ڈرائی پورٹ پر سامان کی لوڈنگ ان لوڈنگ کے حوالے سے جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں، 28 ایکڑ پر محیط یہ ڈرائی پورٹ نوشہرہ شہر سے 8 کلومیٹر کی دوری پر مین جی ٹی روڈ پر واقع ہے جس سے پشاور رنگ روڈ سے بھی براہ راست باآسانی رسائی ممکن ہے‘ڈرائی پورٹ کو کراچی بندر گاہ سے فریٹ کی نقل وحمل اور سامان کی افغانستان منتقلی کی جاسکی گی، ڈرائی پورٹ ملک کی معیشت میں کلید ی کردار ادا کرے گی ۔