آٹے گندم کا بحران شدت اختیار کرگیا،حکمرانوں کی نالائقیوں کے باعث عوام فاقوں پر مجبور ہیں‘مسلم لیگ (ن)

نااہلوں کی کمزور معاشی پالیسیوں کی وجہ سے 80 لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے‘ پرویز ملک، خواجہ عمران

پیر 13 جنوری 2020 16:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2020ء) پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے صدر محمد پرویز ملک اورجنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ آٹے اور گندم کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے،حکمرانوں کی نالائقیوں کے باعث عوام فاقوں پر مجبور ہیں ،نالائقوں کا ٹولہ اپنی عیاشیوں میں مگن ہے،سچائی اور حقائق کی موجودگی میں چور چور، ڈاکو ڈاکو کا بیانیہ نہیں چل سکتا۔

(جاری ہے)

اپنے حلقوں میںکارکنوں میں گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ نااہلوں کی کمزور معاشی پالیسیوں کی وجہ سے 80 لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے،مسلم لیگ (ن )نے وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں اقتدار کے دوران سی پیک اور دیگر میگا پراجیکٹس کے ذریعے ملکی اثاثوں میں اضافہ کیا جبکہ سلیکٹڈ ٹولے نے 16 ماہ کے دوران ان اثاثوں کو تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ عمران نیازی نے معیشت، عوام کی روٹی، روزگار، کاروبار سب گروی رکھ دیا،کمزور معاشی پالیسیوں کے باعث عوام فاقوں پر مجبور ہیں جبکہ حکمران کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔انہوںنے کہا کہ آٹے گندم کا بحران شدت اختیار کر گیا ، حکمرانوں کی نا لائقیوں کی وجہ سے عوام فاقوں پر مجبور ہیں۔