16ماہ میں معاشی اعشاریوں میں گروتھ شروع ہوگئی، عمران خان

اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ 40 فیصد اضافہ اورروپےکی قدرمستحکم ہورہی ہے، جلد قیمتوں اورمعیشت میں مزید استحکام آئےگا، 1960 کےبعد پہلی بار برآمدات میں اضافے پرتوجہ دی۔ وزیراعظم عمران خان کی ایف پی سی سی آئی وفد سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 13 جنوری 2020 21:19

16ماہ میں معاشی اعشاریوں میں گروتھ شروع ہوگئی، عمران خان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جنوری 2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 16ماہ میں معاشی اعشاریوں میں گروتھ شروع ہوگئی ہے، اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ 40 فیصد اضافہ اور روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے، جلد قیمتوں اور معیشت میں مزید استحکام آئے گا۔ مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود حکومت نے مالی استحکام حاصل کیا ہے۔1960 کے بعد پہلی بار برآمدات میں اضافے پرتوجہ دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ایف پی سی سی آئی نمائندہ وفد نے ملاقات کی، جس میں وزیراعظم نے وفاقی ایوان ہائے صنعت وتجارت کے نومنتخب عہدیداروں کومبارکباد دی۔ وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجربرادری ملکی معیشت میں اہم کردارادا کرتی ہے۔

(جاری ہے)

صنعتی ضروریات کیلئے قابل تجدید توانائی کے منصوبے لگائیں تعاون کریں گے۔

وزیر اعظم نے بزنس کونسل میں ایف پی سی سی آئی نمائندوں کی شمولیت کی منظوری بھی دی۔ عمران خان نے کہا کہ مشکلات کے باوجود صنعتوں کے لئے بجلی اور گیس کی فراہمی کو ممکن بنایا۔ صنعتی اداروں کی فعالی سے معیشت کا پہیہ چلے گا۔ بیمار صنعتوں کی بحالی کیلئے جامع حکمت عملی کا جلد اجراء کیا جائے گا۔ صنعت کاروں اور تاجر برادری سے اہم امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔

حکومت ٹریڈ باڈیز کو فعال اور تھنک ٹینک کے طور پر دیکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے درست فیصلے کرکے معیشت کو آئی سی یو سے نکالاہے۔ 16ماہ میں میکرو انڈیکیٹرز میں گروتھ شروع ہو گئی ہے۔ اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ 40 فیصد اضافہ سرمایہ داروں کے اعتماد کی عکاس ہے۔ روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے، قیمتوں اورمعیشت میں مزید استحکام آئے گا۔ مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود حکومت نے مالی استحکام حاصل کیا ہے۔1960 کے بعد پہلی حکومت ہے جس نے صنعتوں اور برآمدات میں اضافے پرتوجہ دی۔