لندن میں موجود شہباز شریف نے وزیراعظم بننے کی تمام منصوبہ بندی مکمل کر لی

مسلم لیگ ن کے صدر ممکنہ طور پر اگلے ماہ پاکستان واپس آئیں گے، اہم ملاقاتیں کر لی گئیں، پیپلز پارٹی بھی وزیراعظم کی تبدیلی کیلئے مشروط حمایت کرنے کو تیار

muhammad ali محمد علی منگل 14 جنوری 2020 00:16

لندن میں موجود شہباز شریف نے وزیراعظم بننے کی تمام منصوبہ بندی مکمل ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 13 جنوری 2020) لندن میں موجود شہباز شریف نے وزیراعظم بننے کی تمام منصوبہ بندی مکمل کر لی، مسلم لیگ ن کے صدر ممکنہ طور پر اگلے ماہ پاکستان واپس آئیں گے، اہم ملاقاتیں کر لی گئیں، پیپلز پارٹی بھی وزیراعظم کی تبدیلی کیلئے مشروط حمایت کرنے کو تیار ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہباز شریف لندن میں اہم سیاسی ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے پارٹی کے سینئر رہنماوں کا ایک اجلاس بھی لندن میں طلب کیا ہے۔ جبکہ شہباز شریف نے حال ہی میں کچھ اہم ملاقاتیں بھی کر لی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن نے ان ہاوس تبدیلی کیلئے باقاعدہ کمر کس لی ہے۔ اس سلسلے میں شہباز شریف کو حکومتی اتحادی نے اشارہ بھی دیا ہے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف معاملات کو حتمی شکل دے رہے ہیں اور اگلے ماہ پاکستان واپس آئیں گے۔

جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی بھی ان ہاوس تبدیلی کیلئے مشروط حمایت کرنے پر تیار ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان ہاوس تبدیلی کی صورت میں شہباز شریف ہی وزارت عظمٰی کے امیدوار ہوں گے۔ دوسری جانب ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹر ویو دیتے ہوئے معروف صحافی عارف حمید بھٹی کا کہنا ہے کہ بظاہر تو ایسے لگتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو کمپرومائز کرنا پڑے گا کیونکہ بہت سے اتحادی انکا ساتھ چھوڑرہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ مارچ تک حکومت نہیں رہے گی۔ اختر مینگل بھی حکومت کا ساتھ چھوڑ سکتے ہیں، پرویز الہیٰ بھی حکومت سے نالاں ہیں کہ ان سے کیے گئے وعدے بھی پورے نہیں کیے گئے۔ عارف حمید بھٹی کا دعویٰ ہے کہ اس تمام صورتحال میں وزیراعظم عمران خان نے اپنے قریبی لوگوں کو کہا ہے کہ میں اسمبلی توڑ دوں گا مگر بلیک میل نہیں ہوں گا۔ اتحادیوں کی طرف سے بہت زیادہ پریشر آرہا ہے، انھوں نے فنڈز مانگنے شروع کر دیے ہیں، اگر مجھ پر زیادہ پریشر آیا تو میں بلیک ہونے کے بجائے اسمبلیاں توڑنے کو ترجیح دوں گا۔