محکمہ زراعت نے تمام میدانی علاقوں میں بہاریہ مکئی کی کاشت کل سے شروع کرنے کی ہدایت

منگل 14 جنوری 2020 14:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2020ء) محکمہ زراعت کے ترجمان نے کاشتکاروں کو تمام میدانی علاقوں میں بہاریہ مکئی کی کاشت کل 15 جنوری بروز بدھ سے شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ بہاریہ مکئی کی کاشت کیلئے 15جنوری سے 28 فروری تک کے اوقات انتہائی موزوں ہیں جبکہ راولپنڈی ڈویژن کے پہاڑی علاقوں کے علاوہ باقی مقامات پر 15فروری سے 20مارچ تک مکئی کی کاشت کی جا سکتی ہے ۔

کاشتکاروں کے نام پیغام میں انہوںنے کہا کہ گندم اور چاول کے بعد مکئی سب سے اہم غذائی فصل کی حیثیت رکھتی ہے جبکہ پاکستان کے کئی حصوں خصوصاً شمال مغربی پہاڑی علاقوں کے باشندوں کی خوراک کا اہم حصہ مکئی پر مشتمل ہوتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ مکئی کے پودوں کا قد قسم ،آب و ہوا ، زمین اور آبپاشی کے وسائل کی بناء پر مختلف ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ چونکہ مکئی سے نشاستہ ، خوردنی تیل ، گلو کوز ، کسٹرڈ ، جیلی ، کارن فلیکس جیسی مصنوعات تیار ہوتی ہیں اس لئے مکئی انسانی خوراک کیلئے انتہائی اہم ہے جبکہ اسے مویشیوں او ر مرغیوں کی خوراک میں بھی استعمال کیا جاتا ہے ۔

انہوںنے بتا یا کہ پنجاب میں تقریباً 14لاکھ ایکڑ رقبہ پر مکئی کاشت کی جاتی ہے۔انہوں نے بتا یا کہ فیصل آباد ، لاہور، گوجرانوالہ ، رحیم یار خان، راولپنڈی میں واقع بڑی فیکٹریاں مکئی سے مختلف مصنوعات تیار کر رہی ہیں جبکہ ان مصنوعات کی بڑی تعداد مختلف ممالک کو برآمد بھی کی جارہی ہے جس سے قیمتی زر مبادلہ کمایا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :