بھارت میں متنازعہ قانون پرخاموشی،مظاہرین نے شاہ رخ خان کو آڑے ہاتھوں لے لیا

متنازعہ قانون کے خلاف بہت سے اداکاروں نے لب کشائی نہیں کی جن میں سر فہرست بالی ووڈ خانزہیں، رپورٹ

بدھ 15 جنوری 2020 12:52

بھارت میں متنازعہ قانون پرخاموشی،مظاہرین نے شاہ رخ خان کو آڑے ہاتھوں ..
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2020ء) بھارت میں مسلم مخالف متنازعہ قانون پرخاموشی اختیارکرنے پربالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے مداح ایک بارپھر ان کے خلاف میدان میں آگئے ہیں اور شاہ رخ خان کوان کے ہی ہِٹ گانے کی مدد سے تنقید کا نشانہ بنادیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق متنازعہ قانون کے خلاف بہت سے اداکاروں نے لب کشائی نہیں کی جن میں سر فہرست بالی ووڈ خانزہیں جنہیں ان کے اس دوغلے پن پر پہلے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاچکا ہے۔

ایک بارپھرنئی دہلی کے شاہین باغ میں متنازعہ قانون کے خلاف مظاہرین نے شاہ رخ خان کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ اداکارکو ان کی بلاک بسٹر فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کے معروف گانے ’تجھے دیکھا تو یہ جانا صنم‘ کی مدد سے تنقید کا نشانہ بنایا جو دیکھتے دیکھتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے گانا کچھ اس اندازمیں پڑھ کرسنایا،تجھے دیکھا تو یہ جانا صنم،شاہ رخ ہوگیا بے گانا صنم،یہ تو یقین آتا نہیں،کیا کہوں میں کیا نہ کہوں،تو سامنے دیکھتا رہا، ہم یہاں پِٹتے رہے،ہم نے آواز دی پر تٴْو آیا نہیں،تجھ کو دی ہے یہ کس نے قسم۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ کے بڑے بڑے اداکاروہدایتکاراس معاملے پر نہ صرف آواز اٹھا چکے ہیں بلکہ مودی حکومت پرشدید تنقید بھی کرچکے ہیں تاہم بالی ووڈ خانز کی جانب سے اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ۔یاد رہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے منظور کیے جانے والے شہریت کے متنازع بل کے تحت 3 ممالک پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان کے 6 مذاہب کے غیرمسلم تارکین وطن جن میں ہندو، عیسائی، پارسی، سکھ، جین اوربدھ مت شامل ہیں انہیں بھارت کی شہریت دی جائیگی تاہم مسلمانوں کو بھارتی شہریت سے محروم رکھا جائیگا۔