نجی بجلی گھروں سے معاہدوں کو متوازن بنانے کی کوشش خوش آئند، عوام اور کاروباری برادری کو ریلیف ملے گا، میاں زاہد حسین

بدھ 15 جنوری 2020 18:50

نجی بجلی گھروں سے معاہدوں کو متوازن بنانے کی کوشش خوش آئند، عوام اور ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2020ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے نجی بجلی گھروں سے کئے گئے معاہدوں کو متوازن بنانے کی کوششیں خوش آئند ہیں جس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، ان معاہدوں کو بلا تاخیر متوازن بنایا جائے جس سے عوام کو ریلیف ملے گا اور کاروباری لاگت کم ہو نے سے پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

میاں زاہد حسین نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان میں بجلی کی قیمت خطے کے تمام ممالک سے زیادہ ہے جس سے عوام، زرعی و صنعتی پیداوار اور برآمدات متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی بجلی گھر مالکان سے کئے گئے معاہدوں کو متوازن بنانے پر جتنی جلدی عمل درآمد ہو گا اتنا ہی بہتر ہو گا۔ اسکے علاوہ ایک ایسا نظام وضع کرنا ضروری ہے تاکہ مستقبل میں کوئی ذاتی مفادات کے لئے ملکی مستقبل سے نہ کھیل سکے۔