7 سالہ مصور بچے کی تصاویر ہزاروں ڈالر میں فروخت ہونے لگیں

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 15 جنوری 2020 23:30

7 سالہ مصور بچے کی تصاویر ہزاروں ڈالر میں فروخت ہونے لگیں

7 سالہ میکائل اکار فن کی دنیا میں کافی مقبول مصور  بن گئے ہیں۔ اُن کے بنائے فن پارے  ساری دنیا میں ہی ہزاروں ڈالر میں فروخت ہو رہے ہیں۔دنیا میں انہیں ”پری سکول پکاسو“ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
جرمنی میں پیدا ہونے والے میکائل   کی مصوری میں مہارت ایک اتفاق سے دریافت ہوئی تھی۔ تین سال پہلے  اُن کے والدین نے انہیں  ایک کینوس  اور ہاتھ سے بنی تصویریں  خرید کر دی ۔

اُن کا خیال تھا کہ اُن کے بیٹے کے پاس کھلونے تو بہت سے ہیں، اس لیے اس بار کچھ نیا خرید کر دیاجائے۔اپنے پہلے کینوس پر ہی میکائل نے  اتنی کمال کی مصوری کی کہ اُن کے والد حیران رہ گئے۔ میکائل کے والد نے اُن کی بنائی تصویر دیکھ کر سوچا کہ یہ اُن کے بیٹے نے نہیں بلکہ اُن کی بیوی نے بنائی ہے۔میکائل کے والد کریم اکار ، جو اب اُن کے منیجر بھی ہیں، نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کی  پہلی تصویر دیکھ کر حیران رہ گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسے اتفاق سمجھا لیکن میکائل نے دوسری اور تیسری تصویر بھی   زبردست بنائی ، جس سے انہیں پتا لگا کہ اُن کا بیٹا بہت ہونہار ہے۔
پچھلے ماہ برلن کی ایک گیلری میں  میکائل کے فن پاروں کی نمائش ہوئی۔ نمائش  دیکھنے والوں میں ایک شخص مصور کے بچہ ہونے کا جان  کر حیرت سے گنگ ہوگیا۔
میکائل تجریدی کام میں مہارت رکھتے ہیں۔  مصوری کے لیے وہ ایک الگ تیکنیک بھی  اپنا چکے ہیں، جس میں وہ اپنے والد کے باکسنگ کے دستانے پہن کر  کینوس  پر مکے مارتے ہیں۔

فن کے ماہرین  کا کہنا ہے کہ  مصوری میں میکائل کا مستقبل  بہت روشن ہے تاہم میکائل کا اپنا ارادہ ہے کہ وہ بڑے ہو کر فٹ بالر بنیں گے۔ اُن کا کہنا ہے کہ مصوری کا کام کافی تھکا دینے والا ہے خاص طور پر جب  دستانے پہن کر مصوری کی جائے۔
میکائل کے والدین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بیٹے  پر مصوری کے لیے دباؤ نہیں ڈالتے، میکائل صرف اس وقت مصوری کرتے ہیں، جب اُن کا دل مصوری کے لیے چاہے۔

میکائل کبھی ہفتے میں تو کبھی مہینے میں ایک بار مصوری کرتے ہیں۔
میکائل نے اپنی تازہ ترین مصوری کی کلیکشن   ایف سی بائرن میونخ  کے گول کیپر مانویل نویر کے تعاون سے بنا رہے ہیں۔ اُن کی ایک تصویر 11 ہزار یورو یا 12 ہزار ڈالر میں فروخت ہو چکی ہے۔ یہ رقم انہوں نے مانویل کے بچوں کی  فلاح  کے لیے کام کرنے والے ادارے کو دی ہے۔





متعلقہ عنوان :