بنا فضائی سفر کے دبئی سے ریاض پہنچیں صرف 48 منٹ میں

خلیجی ممالک میں دنیا کا سب سے جدید اور تیز ترین ٹرانسپورٹ منصوبہ ہائپر لوپ 2024 تک شروع کرنے کی تیاریاں

muhammad ali محمد علی ہفتہ 18 جنوری 2020 23:49

بنا فضائی سفر کے دبئی سے ریاض پہنچیں صرف 48 منٹ میں
دبئی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 جنوری 2020ء) بنا فضائی سفر کے دبئی سے ریاض پہنچیں صرف 48 منٹ میں، خلیجی ممالک میں دنیا کا سب سے جدید اور تیز ترین ٹرانسپورٹ منصوبہ ہائپر لوپ 2024 تک شروع کرنے کی تیاریاں۔ تفصیلات کے مطابق خلیجی ممالک میں دنیا کے سب سے جدید اور تیز ترین ٹرانسپورٹ منصوبے ہائپر لوپ کے آغاز کی تیاریاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ اس منصوبے پر کام کرنے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ کوشش ہے کہ خلیجی ممالک میں اس منصوبے کا باقاعدہ آغاز 2024 یا 2025 تک کر دیا جائے۔

منصوبے کا آغاز دبئی سے ہوگا۔ اس حوالے سے تیزی سے کام جاری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس جدید اور تیز رفتار ذریعہ سفر سے گھنٹوں کی طویل مسافت منٹوں میں طے ہو سکے گی بلکہ اس کا کرایہ جہاز سے بھی سستا ہوگا۔

(جاری ہے)

بتایا جا رہا ہے کہ ہائپر لوپ ٹرین کی مدد سے دبئی سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض تک کا سفر صرف 48 منٹوں میں مکمل کیا جا سکے گا۔ اس جدید اور تیز رفتار ذریعہ سفر میں ریل کی بوگی پٹری پر دوڑنے کے بجائے ایک ٹیوب میں سفر کرے گی۔

بوگی یا کیپسول پریشرائزڈ ہوا کے دوش پر سفر کرتی ہے یعنی کیپسول اور ٹیوب میں کسی قسم کی رگڑ پیدا نہیں ہوتی۔ ٹیوب میں ہوا کا دبائو قدرتی دبائو سے کم رکھا جاتا ہے تاکہ کیپسول کو ہوا کے دبائو سے پیدا ہونے والی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے اور کیپسول تیز رفتاری سے سفر کر سکے۔ انجن کے طور پر بجلی اور معلق مقناطیس کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کوشش ہے کہ اس مںصوبے کی مدد سے تمام خلیجی ممالک کو ایک دوسرے سے جوڑ دیا جائے۔ اس منصوبے کی مدد سے تمام خلیجی ممالک کے کسی بھی شہر میں صرف چند منٹوں کے اندر پہنچا جا سکے گا۔ اس منصوبے کو انسانی تاریخ کا سب سے جدید ٹرانسپورٹ منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔