حکومت کے متعدد ممبران پنجاب اسمبلی نے اپنی ہی حکومت پر دبا ئوبڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے فارورڈ بلاک بنا لیا

ایک دوسرے کیساتھ رہیں گے ،مختلف حلقوں کے 20ارکان اسمبلی نے گروپ بنا کر حلف اٹھا لیا ‘ نجی ٹی وی کا دعویٰ

پیر 20 جنوری 2020 20:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2020ء) تحریک انصاف کے متعدد ممبران پنجاب اسمبلی نے اپنی ہی حکومت پر دبا ئوبڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے فارورڈ بلاک بنا لیا ۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے مختلف حلقوں کے 20ارکان اسمبلی نے یہ گروپ بنا کر حلف اٹھایا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ رہیں گے اور مل کر اپنے مطالبات منوائیں گے۔

پی ٹی آئی میں یہ فارورڈ گروپ جنوبی اور وسطی پنجاب کے 20ارکان نے گروپ بنایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعلی سردار عثمان بزدار سے اپنے حلقوں کے لیے فنڈز اور عوامی منصوبوں کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔رکن پنجاب اسمبلی سردار شہاب کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ہم تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے اور اسی پلیٹ فارم سے ہی آئندہ الیکشن لڑیں گے۔سردار شہاب نے تصدیق کی کہ حلقوں کے مسائل کے حل کے لیے 20ارکان نے گروپ بنایا ہے۔ ہم نے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات میں عوامی مسائل کے حل پر بات کی جبکہ یہ درست ہے کہ ہم نے اکٹھے رہنے کا حلف بھی اٹھایا ہے۔