کتے اور بلیوں کے بالوں سے کپڑے بنانے والی فنکارہ

Ameen Akbar امین اکبر منگل 21 جنوری 2020 23:48

کتے اور بلیوں کے بالوں سے کپڑے  بنانے والی  فنکارہ

45 سالہ تھریسا فیورر  پالتو کتے اور بلیوں کے بالوں سے کپڑے اور دوسری چیزیں بناتی ہیں۔ اپنے پیارے  جانوروں کی جدائی کا غم اٹھانے والے  اکثر افراد تھریسا کی خدمات حاصل کرتے ہیں۔
تھریسا    زندہ یا مردہ جانور کے بالوں  سے دھاگہ بنا کر  ان سے کپڑے اور دوسری چیزیں جیسے ٹیڈی بیئر بناتی ہیں تاکہ  ان سے غم زدہ مالکان کا غم کچھ کم ہوجائے۔
پٹسبرگ سے تعلق رکھنے والی تھریسا  نے  پالتو جانوروں کے بالوں سے دھاگہ اور دھاگے سے کپڑا اس وقت بنانا شروع کیا، جب اُن کے اپنے  پالتو  جانور اُن سے جدا ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پہلے  ایک چرخہ خریدا  اور  کپاس سے دھاگا بنانا شروع  کیا۔ تھریسا صرف بھیڑوں کی اون سے کپڑے بننا نہیں چاہتی تھی۔  اس لیے انہوں نے پالتو کتے اور بلیوں کے بالوں سے دھاگا بنانا شروع کر دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے پہلے پراجیکٹ کو ایک بھیانک خواب سے تعبیر کیا، جو پوڈل نسل کے کتے  کے بالوں سے دھاگا بنانے کا تھا۔ انہوں نے دی نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ پوڈل دھاگا بنانے کے معاملے میں بدترین ہے۔

جلد ہی تھریسا کا شوق اُن کے کاروبار میں بدل گیا۔
اس وقت  تھریسا کے گھر میں تین چرخے ہیں۔اس وقت وہ ایک درجن سے زیادہ پراجیکٹس پر کام کر رہی ہیں، جو مختلف مراحل میں ہیں۔تھریسا کا کہنا ہے کہ  اگر گاہک خواہش ظاہر کرے تو وہ  دھاگے کو دھوتی بھی ہیں اور کبھی اسے اسی طرح کے دوسرے  ریشے کے ساتھ  ملا کر   دھاگا بناتی ہیں۔تھریسا  کا کہنا ہے کہ بلیوں کے بالوں سے کپڑے بنانا کافی مشکل ہوتا ہے ۔

کئی سالوں سے کام کرنے کے وجہ سے اُن کی کئی مشکلات حل تو ہوئی ہیں لیکن وہ کبھی بھی   پالتو بلی سے جدا ہونے والے مالکوں کے کام سے انکار نہیں کرتیں۔
تھریسا پچھلے 8 سالوں میں پالتو جانوروں کے بالوں سے کئی سو مصنوعات بنا چکی ہیں۔ اُن کے آرڈر آن لائن کرافٹ شاپ Etsy سے آتے ہیں۔ وہ پالتو جانوروں کے بالوں سے ہیٹ، سکارف، بریسلٹ، تکیے اور  مرنے والے پالتو جانوروں  کے ہم شکل مجسمے تک بناتی ہیں۔


متعلقہ عنوان :