بھارت کو پاکستان کے گلابی نمک کی فروخت بند کی جا چکی

اگست 2019ء کے بعد بھارت کو گلابی نمک کی برآمد پر پابندی عائد کر دی گئی تھی: حکومت کی وضاحت

بدھ 22 جنوری 2020 00:02

بھارت کو پاکستان کے گلابی نمک کی فروخت بند کی جا چکی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جنوری2020ء) سینیٹ کو بتایا گیا ہے کہ 5 اگست 2019ء کے بعد بھارت کو گلابی نمک کی برآمد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پاکستان نے 2018ء میں 52 ملین ڈالر مالیت کا 3 لاکھ ٹن سے زائد نمک برآمد کیا جبکہ پاکستان بھارت کو 7 روپے 4 پیسے فی کلو کے حساب سے نمک برآمد کرتا رہا۔ منگل کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر مہر تاج روغانی، سینیٹر سراج الحق اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے ایوان کو بتایا کہ بھارت سالانہ 12.8 ملین ٹن دنیا کو معدنی نمک برآمد کرتا ہے اور وہ دنیا میں غیر معیاری صنعتی نمک برآمد کرنے والا ملک ہے جو زیادہ تر سوڈا ایش میں استعمال ہوتا ہے، دوسری طرف پاکستان نے دنیا میں 2018ء میں 52 ملین ڈالر مالیت کا تقریباً 3 لاکھ ٹن سے زائد معدنی نمک برآمد کیا اور بھارت کو 72 ہزار 631 ٹن نمک برآمد کیا گیا جس میں صنعتی نمک کی دونوں اقسام شامل ہیں جو سوڈا ایش اور گھریلو نمک میں استعمال کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان نے بھارت کی برآمدی قیمت کے مقابلے میں تین گنا زیادہ قیمت پر معدنی نمک برآمد کیا لیکن 5 اگست 2019ء کے بعد اب بھارت کو نمک کی برآمد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔