پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل شروع ہوگا ،حمزہ شہباز ،سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری

آٹے کے بحران اور مہنگائی کیخلاف اپوزیشن کے متوقع احتجاج کی وجہ سے اجلاس گرما گرم رہنے کا امکان

بدھ 22 جنوری 2020 16:17

پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل شروع ہوگا ،حمزہ شہباز ،سلمان رفیق کے پروڈکشن ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2020ء) اپوزیشن کی ریکوزیشن پر پنجاب اسمبلی کااجلاس کل بروز ( جمعرات ) سہ پہر تین بجے شروع ہوگا ۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے گرفتار اراکین اسمبلی حمزہ شہباز اور خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دئیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق آٹے کے بحران اور مہنگائی کیخلاف اپوزیشن کے متوقع احتجاج کے باعث اجلاس گرما گرم رہنے کا امکان ہے ۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع کرانے پر پنجاب اسمبلی کے 30 اراکین کی رکنیت بحال کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

گوشوارے جمع کرانے والے اراکین میں یڈپٹی سیپکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری ،بلال یاسین ،سہیل شوکت ،چودھری خوش اختر سبحانی، رانا محمد افضل،قیصر اقبال ،تیمور لالی،نذیر احمد خان،ملک غلام قاسم ہنجرہ، محمد عون حمید ،سردار اویس دریشک، رابعہ احمد بٹ سمیت دیگر شامل ہیں۔

حکومت اور اپوزیشن کے متعدد اراکین کی رکنیت تاحال معطل ہے ۔اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اجلاس کیلئے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔سکیورٹی کے سلسلہ میں پنجاب اسمبلی کے اطراف کی شاہراہیں اجلاس کے اوقات میں عام ٹریفک کے لئے بند رہیں گی جبکہ قریبی عمارتوں پر سنائپرز تعینات ہوں گے۔