ظلم کا خاتمہ جدوجہد کے بغیر ممکن نہیں، حافظ محمد ادریس

کوئی کلمہ گو جھوٹ اور ظلم کا ساتھ دینے لگے تو اس سے بڑا کوئی المیہ نہیں ہوتا ،خطاب

بدھ 22 جنوری 2020 23:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2020ء) جماعت اسلامی کے رہنما حافظ محمد ادریس نے منصورہ میں کارکنان کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ظلم کا خاتمہ جدوجہد کے بغیر ممکن نہیں ۔ حق اور باطل ہمیشہ سے ایک دوسرے کے مد مقابل رہے ہیں ۔ حضرت آدم ؑ کی تخلیق کے وقت ہی شیطان نے اللہ سے بغاوت کی اور اولاد آدم ؑ کے خلاف تاقیامت اعلان جنگ کردیا ۔

انہوںنے کہاکہ حق کا ساتھ دینا ہر بندہٴ مومن کا فر ض ہے ۔ ہمارے رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے حق کا پرچم بلند کیا تو ساری دنیا دشمن تھی مگر 23 سال کے عرصے میں پانسہ پلٹ گیا ، حق غالب آیا اور باطل مٹ گیا ۔ انہوںنے کہاکہ کوئی کلمہ گو جھوٹ اور ظلم کا ساتھ دینے لگے تو اس سے بڑا کوئی المیہ نہیں ہوتا ۔ آج امت مسلمہ کے مظلومین کشمیر و ہند اور غزہ و فلسطین میں یہود ہنود کے مظالم کا شکار ہیں جبکہ مصر ،شام، بنگلہ دیش میں نام نہاد مسلمان حکمرانوں نے ظلم کی انتہا کردی ہے ۔

(جاری ہے)

خود پاکستان ، جو اسلام کے نام پر بنا اور جس کی طرف پوری امت مسلمہ امید کی نظروں سے دیکھتی ہے ، ظلم سے بھر گیاہے ۔ جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا تباہ کن اصول لاگو ہے ۔ غریب کی آہ بھی ظلم ڈھانے والوں اور اقتدار کے نشے میں بدمست طبقوں کو سخت ناگوا ر گزرتی ہے ۔ ایسے عالم میں سید مودودی کا ایمان افروز بیانیہ کہ’’ قرآن و سنت کی دعوت لے کر اٹھو اور ساری دنیا پر چھا جائو‘‘ہی مشکلات سے نکلنے کا راستہ دکھا سکتاہے ۔ قرآن و سنت کا نظام پاکستان میں آ جائے تو مسلمان پھر دنیا کی قیادت کر سکتے ہیں ۔