محمد عظیم بلوچ نام کی طرح کام وکردار کے بھی عظیم تھے، اسد اللہ بھٹو

عظیم بلوچ کو طالبعلمی کے دور سے جانتے ہیں، وہ ایک مخلص ومہم جو کارکن بلکہ ان کا اوڑنا بچھونا تحریک ہی تھی۔واقعی عظیم بھائی سعادت کی زندگی اورشہادت کی موت کی مراد پاگیا، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان کا دیگر رہنمائوں کے ہمراہ تعزیتی اجتماع سے خطاب

بدھ 22 جنوری 2020 23:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2020ء) محمد عظیم بلوچ نام کی طرح کام وکردار کے بھی عظیم تھے ،عظیم بلوچ کو طالبعلمی کے دور سے جانتے ہیں، وہ ایک مخلص ومہم جو کارکن بلکہ ان کا اوڑنا بچھونا تحریک ہی تھی۔واقعی عظیم بھائی سعادت کی زندگی اورشہادت کی موت کی مراد پاگیا۔ان خیالات کااظہار نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان اسداللہ بھٹو،صوبائی امیرمحمد حسین محنتی،نائب امیرحافظ نصراللہ عزیز،ارشادظفر بخاری،عبدالغفور انصاری،مشتاق عادل ودیگر نے قباء آڈیٹوریم میں گذشتہ دنوں ایک ٹریفک حادثے میں شہید ہونے والے جماعت اسلامی سندھ کے رہنما عظیم بلوچ ،عرفان لاکھو اورغلام رسول آرائیں کی یاد میں منعقدہ تعزیتی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔

اسداللہ بھٹو نے کہاکہ تینوں شہداء نے اقامت دین کے لیے اپنی زندگیوں کو وقف کررکھا تھا،ان سے محبت کا تقاضہ ہے کہ تحریک سے جڑکرپاکستان میں اسلام کے غلبہ کے لیے ان کے مشن کو آگے بڑھایا جائے۔

(جاری ہے)

محمد حسین محنتی نے کہاکہ جولوگ اپنی جوانی اورمال ودولت سب کچھ اللہ کی راہ میں قربان اور اللہ کی رضا پرراضی رہتے ہیں تووہ دنیا وآخرت میں سرخروہوجاتے ہیں۔عظیم بلوچ اوران کے ساتھیوں نے بھی پوری زندگی اللہ کی نوکری کی ،ان شاء اللہ تینوں شہداء جنت میں اکٹھے ہوں گے۔حافظ نصراللہ عزیز نے کہاکہ عظیم بلوچ کراچی تاء کشمور تحریکی کام کے لیے بہت فکرمند اورنتیجہ خیز جدوجہدکے لیے ہروقت منصوبہ بندی کرتے رہتے تھے۔اللہ ان کی کاوشوں کو قبول فرمائے۔#