جاپان کا 3 لاکھ 40 ہزار پاکستانیوں کو ملازمت دینے کا اعلان

جمعہ جنوری 18:02

جاپان کا 3 لاکھ 40 ہزار پاکستانیوں کو ملازمت دینے کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2020ء) پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن (پوئپا) کے مرکزی چیئرمین سرفراز ظہور چیمہ نے کہا ہے کہ جاپان نے 3 لاکھ 40 ہزار پاکستانیوں کو ملازمت دینے کا اعلان کیا ہے اس سلسلے میں ہنر مند اور نیم ہنر مند پاکستانی افرادی قوت کو بھرتی کرنے کا جلد آغاز ہو گا۔ پاکستانیوں کے لئے جاپان میں روزگار کے موقع پیدا ہونا وزیراعظم عمران خان کے وڑن کی کامیابی ہے۔

سرفراز ظہور چیمہ نے ان خیالات کا اظہار پوئپا کے مرکزی دفتر میں میڈیا نمائندگان کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ سرفراز ظہور چیمہ نے بتایا کہ پاکستانی افرادی قوت کو جاپان بھجوانے کے لئے پاکستان اور جاپان کے درمیان باہمی مفاہمت کی یادداشت پر باقاعدہ دستخط ہو چکے ہیں اس حوالے سے اسلام آباد میں جاپانی سفارتخانے میں انتہائی اہم اجلاس ہوا جس میں جاپانی سفارتخانے کے قونصلر ٹوکیٹا یوجی ، چیئرمین پوئپا سرفراز ظہور چیمہ، بیورو آف امیگریشن کے ڈی جی کاشف احمد نور، سابق چیئرمین پوئپا چوہدری محمد افضل، سینئر وائس چیئرمین سید اظہر اقبال شاہ اور دیگر متعلقہ محکموں اور اداروں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں باہمی مشاورت سے طے پایا کہ حکومت پاکستان سے لائسنس یافتہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے ذریعے افرادی قوت جاپان بھجوائی جائے گی نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے وزیراعظم عمران خان کے وڑن کے مطابق آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پوئپا سرفراز ظہور چیمہ نے بتایا کہ تحریک انصاف کی حکومت اور بیورو آف امیگریشن پاکستانیوں کو روزگار کے حصول کیلئے بیرون ملک بھجوانے میں پرائیویٹ سیکٹر سے مکمل تعاون کر رہے ہیں۔

جس پر وزیراعظم عمران خان ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری اور ڈی جی بیورو آف امیگریشن کاشف احمد نور مبارک باد کے مستحق ہیں، سرفراز ظہور چیمہ نے کہا کہ پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی کی کوشش ہے کہ ملک سے بیروزگاری کے خاتمے میں حکومت کی مدد کرتے ہوئے رواں برس 50 لاکھ پاکستانیوں کو بیرون روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔