لاہور میں محفوظ بسنت کیلئے حفاظتی انتظامات،سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت اہم اجلاس

جمعرات 10 ستمبر 2026 17:41

لاہور میں محفوظ بسنت کیلئے حفاظتی انتظامات،سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2026ء) سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت لاہور میں محفوظ بسنت کے حفاظتی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے مطابق لاہور میں 12، 13، 14مارچ 2027ء کو محفوظ بسنت کے انعقاد کیلئے ضروری حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئیں۔

واضح رہے کہ مقررہ تواریخ سے قبل اور بعد ازاں پنجاب بھر میں پتنگ بازی پر سخت پابندی برقرار ہے اور خلاف ورزی پر قانونی کاروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ داخلہ نے انسانی جانوں کی حفاظت کیلئے ضروری حفاظتی ہدایات جاری کی ہیں اور بسنت سے قبل تمام حفاظتی انتظامات مکمل کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ بسنت کے موقع پر شہر میں کسی غیر محفوظ اور ناپائیدار چھت پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہو گی۔ بسنت پر چھتوں کی دیواریں اور گرِل کم از کم ساڑھے 3فٹ بلند اور مضبوط ہونا لازم ہے جبکہ پتنگ بازی کیلئے استعمال ہونے والی چھتوں کی پائیداری اور محفوظ ہونے کی ذمہ داری مالکان پر عائد ہو گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بسنت سے قبل اجازت یافتہ مقامات پر چھتوں، منڈیر اور سیڑھیوں کی مرمت کروائی جائے جبکہ عمارتوں کے مالکان 31دسمبر 2026ء تک تمام حفاظتی انتظامات مکمل کریں۔

سیکرٹری داخلہ نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنر لاہور پرانی عمارتوں اور گھروں کی چھتوں کا مکمل معائنہ کروائیں اور غیر تسلی بخش رپورٹ کی صورت میں کمزور عمارت اور غیر محفوظ چھت پر بسنت کے دوران بھی پتنگ بازی پر پابندی عائد کریں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی تاریں چھت کے قریب ہونے کی صورت میں عمارت کے مالک بسنت سے قبل انہیں محفوظ بنانے کے پابند ہوں گے۔

سیکرٹری داخلہ نے ہدایت کی کہ سٹی ٹریفک پولیس لاہور بسنت سے قبل 20لاکھ سے زائد موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈز مفت لگائے جبکہ لیسکو تمام انسٹالیشنز کو نیٹ کے ذریعے بروقت محفوظ بنائے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور مقررہ حد کے مطابق پتنگ و ڈور کی تیاری، ترسیل اور فروخت کیلئے رواں ماہ اجازت نامہ جاری کریں گے۔ بسنت کے دوران پی ایچ اے شہر کے درختوں اور لیسکو کھمبوں و تاروں سے محفوظ انداز میں پتنگیں اتارنے اور تلف کرنے کا پابند ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ بسنت کے ایام میں عمارتوں کی لفٹس کیلئے سیفٹی سرٹیفکیٹ کا حصول لازم جبکہ چھت پر آتش گیر مواد رکھنے پر پابندی ہوگی۔ تمام اجازت یافتہ مقامات پر ابتدائی طبی امداد کے سامان کی موجودگی لازم ہے۔ پتنگ بازی کے موقع پر بچوں کی حفاظت والدین، سرپرست اور منتظمین کی اولین ذمہ داری ہے جبکہ چھت پر بچوں اور دیگر شرکا کیلئے تمام حفاظتی انتظامات یقینی بنانا مالکان اور منتظمین کی مشترکہ ذمہ داری ہوگی۔

سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ محکموں کے مجاز افسران پتنگ بازی کیلئے استعمال ہونے والی چھتوں کا جائزہ لیں گے جبکہ ڈپٹی کمشنر ہدایات اور قانون کی خلاف ورزی پر کسی بھی عمارت کو سیل کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔ بسنت کے موقع پر عمارت مالک اور منتظم کسی بھی حادثے، جانی نقصان، زخمی ہونے یا قانون کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ہو گا۔

منتظمین تمام ہدایات اور قوانین پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس انسانی جان کو تفریح پر فوقیت دیں اور تمام قوانین اور ہدایات کی پاسداری کریں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے اجلاس میں واضح کیا کہ 12، 13، 14مارچ 2027 سے قبل اور بعد ازاں پتنگ بازی پر مکمل پابندی برقرار ہے۔ بسنت کی مقررہ تاریخوں سے قبل اور بعد ازاں پتنگ بازی پر 5سال قید اور 20لاکھ روپے جرمانہ ہو گا جبکہ حکومتی اجازت سے قبل پتنگوں اور ڈور کی تیاری، ترسیل اور فروخت پر 7سال قید اور 50لاکھ روپے جرمانہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اہل علاقہ اور عوام الناس کیلئے پریشانی، ہراسگی یا غیر مہذب رویے پر سخت پابندی عائد ہے۔ شہری کسی بھی غیر محفوظ، غیر قانونی اور غیر مہذب سرگرمی کی اطلاع ایمرجنسی 15پر دیں۔ محفوظ بسنت کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، کمشنر لاہور، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، سی ٹی او لاہور، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل، ڈائریکٹر لا، ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب کے علاوہ لیسکو، پی ایچ اے، والڈ سٹی اتھارٹی اور ایل ڈی اے سے افسران نے شرکت کی۔