مریم نواز کا دورہٴ لندن؛ نجی چھٹیوں پر سرکاری جہاز کے استعمال پر زلفی بخاری کا شدید اعتراض

بڑا سوال یہ ہے کہ اگر مریم نواز چھٹی پر ہیں تو پھر آخر انہوں نے حکومت کے طیارے کا استعمال کیسے کیا؟ ان کی چھٹی اور اس طیارے کے اخراجات پاکستانی عوام ادا کر رہے ہیں؛ پی ٹی ائی رہنماء کا بیان

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 ستمبر 2026 15:56

مریم نواز کا دورہٴ لندن؛ نجی چھٹیوں پر سرکاری جہاز کے استعمال پر زلفی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 ستمبر 2026ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء زلفی بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ دورہ لندن پر شدید تنقید کرتے ہوئے سرکاری طیارے کے استعمال اور عوامی فنڈز کے مبینہ ضیاع پر سنگین سوالات اٹھا دیئے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں زلفی بخاری نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ مریم نواز اپنے ذاتی اور خاندانی مصروفیت کے لیے چھٹی پر لندن گئی ہیں تو پھر وہ حکومت کا سرکاری جہاز کس قانون اور اخلاقی بنیاد پر استعمال کر رہی ہیں؟ اس وقت پاکستان کے عوام سخت معاشی مشکلات، تاریخی مہنگائی، اور شدید غربت سے نبرد آزما ہیں، جب کہ دوسری طرف ان کے ٹیکسوں کے پیسوں سے حکمرانوں کی ذاتی تعطیلات اور پرائیویٹ جیٹ کے بھاری اخراجات اٹھائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی حیران کن بات ہے کہ اتنا بڑا اور سنجیدہ معاملہ ملکی میڈیا پر مرکزی خبر نہیں بن پا رہا اور اس شاہ خرچی پر اپوزیشن یا عوام کی جانب سے وہ سوالات نہیں اٹھائے جا رہے جو اٹھائے جانے چاہئیں، کیوں کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے مبینہ طور پر مکمل طور پر نجی اور شخصی دورے کے لیے سرکاری خزانے کا بے دریغ استعمال کیا ہے، جو کہ حکمرانوں کے تکبر اور عوام سے بے حسی کو ظاہر کرتا ہے۔

زلفی بخاری کا مزید کہنا تھا کہ ایک طرف غریب عوام روٹی اور بنیادی ضروریات زندگی کو ترستی ہے، جبکہ دوسری طرف حکمران طبقہ عوامی وسائل پر شاہانہ زندگی گزارنے کا عادی ہو چکا ہے، اس تمام تر صورتحال میں قوم کو اس قسم کے اقدامات پر حکمرانوں سے جواب طلبی کرنی چاہیے اور عوامی فنڈز کے اس بے جا اور ذاتی استعمال کو فوری طور پر روکا جانا چاہیئے۔