مریم نواز کا دورہٴ لندن؛ نجی چھٹی یا خفیہ ملاقاتیں؟ اینکر منصور علی خان اور کوثر کاظمی میں دلچسپ بحث

وزیراعلیٰ اور وزیراعظم کا کوئی دورہ نجی نہیں ہوتا، ان کی کوئی چھٹی نہیں ہوتی، بیشک وہ خود بھی کہیں؛ ترجمان پنجاب حکومت

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 ستمبر 2026 16:31

مریم نواز کا دورہٴ لندن؛ نجی چھٹی یا خفیہ ملاقاتیں؟ اینکر منصور علی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 ستمبر 2026ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورہٴ لندن، بیٹی کی گریجویشن تقریب، سرکاری طیارے کے استعمال اور نجی چھٹیوں سے متعلق بیانات پر صحافتی اور سیاسی حلقوں میں نیا بحث و مباحثہ چھڑگیا۔ معروف اینکر پرسن منصور علی خان اور ترجمان پنجاب حکومت کوثر کاظمی کے درمیان ٹاک شو میں وزیراعلیٰ پنجاب کے سفر کی نوعیت پر دلچسپ بحث ہوئی، منصور علی خان نے سوال کیا کہ ’مریم نواز بطور وزیراعلیٰ جب سے لندن گئی ہیں، کیا انہوں نے وہاں جا کر پنجاب کے لیے کوئی باضابطہ میٹنگ کی ہے؟ اگر میں یہ کہوں کہ ان کی چند خفیہ ملاقاتیں ہوئی ہیں تو کیا یہ لائن لکھنا ٹھیک ہوگا؟‘۔

پنجاب حکومت کے ترجمان کوثر کاظمی نے جواب دیا کہ ’اگر آپ یہ سمجھ رہے ہیں کہ وہ اپنی بیٹی کی گریجویشن کی تقریب سے پہلے لندن میں گھر بیٹھی رہی ہیں اور کچھ نہیں کیا، تو یہ خبر ٹھیک نہیں ہے، باقی خفیہ ملاقاتوں کی بات آپ کہہ سکتے ہیں، میں نہیں کہہ رہا، وزیرِ اعلیٰ اور وزیرِاعظم کا کوئی بھی دورہ نجی نہیں ہوتا اور نہ ہی ان کی کوئی چھٹی ہوتی ہے، چاہے وہ بذاتِ خود بھی یہ کیوں نہ کہیں، وہ جس جہاز میں گئی ہیں، وہ حکومتِ پنجاب کا اپنا طیارہ ہے۔

(جاری ہے)

بحث کا اختتام کرتے ہوئے منصور علی خان نے سرکاری بیانیے اور حقیقت کے تضاد پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بات دراصل یہاں سے شروع ہوتی ہے کہ اس دورے کو نجی کہنا ہے یا آفیشل؟ اگر اسے نجی کہا گیا تو فوراً سوال اٹھے گا کہ سرکاری جہاز پر سفر کیوں کیا؟ شاید اسی لیے اس دورے کی بات کرتے ہوئے اس کے اندر پنجاب کا تڑکا لگانا اور میٹنگز کا تاثر دینا بہت ضروری ہو جاتا ہے۔