وزیر دفاع کی پشتون تحفظ موومنٹ کی قیادت اور ارکان پارلیمنٹ کو مذاکرات کی دعوت

ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، قومی یکجہتی اشد ضرورت ہے، وزیر اعظم عمران خان ضم شدہ اضلاع کے بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہتے ہیں،پرویز خٹک

ہفتہ 25 جنوری 2020 21:30

وزیر دفاع کی پشتون تحفظ موومنٹ کی قیادت اور ارکان پارلیمنٹ کو مذاکرات ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2020ء) وفاقی وزیر دفاع اور مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خان خٹک نے پشتون تحفظ موومنٹ کی قیادت اور ارکان پارلیمنٹ کو مذاکرات کی دعوت دے دی۔ پشتون تحفظ موومنٹ کو قومی دائرے میں شامل کرنے ان کے مسائل اور مشکلات سے آگاہی اور ان کے حل کیلئے راستہ ہموار کرنا ایجنڈے میں شامل ہے ،پاکستان اس وقت جس نازک صورت حال سے گزر رہا ہے اس کے لئے قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے قبائل کا انضمام وقت کی ضرورت تھی اب پی ٹی آئی حکومت اور وزیر اعظم عمران خان ضم شدہ اضلاع کے بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہتے ہیں۔

وہ نوشہرہ میں اخباری کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر قومی اسمبلی میں مجلس قائمہ برائے توانانی کے چیئرمین ڈاکٹر عمران خٹک اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

پرویز خٹک نے کہا کہ پشتون تحفظ موومنٹ کی قیادت اورارکان اسمبلی کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں، تحریک انصاف حکومت سب کو ساتھ لیکر چلنا چاہتی ہے اس لئے پشتون تحفظ موومنٹ کے ساتھ مذاکرات وقت کی ضرورت ہے کیونکہ قبائل محب وطن پاکستانی ہیں اور قبائل نے ہمیشہ پاکستان کی بقاء سلامتی اور استحکام کی جنگ لڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1948ء میں کشمیر کی جنگ میں قبائل نے بھرپور حصہ لیا اور آزاد کشمیر کی جدوجہد میں بھی عام عوام کیساتھ قبائل کی بھی قربانیاں شامل ہیں،پشتون تحفظ موومنٹ کے ساتھ بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کیلئے مخلص ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کیا جائے اور ان کے تمام جائز مطالبات کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔

پرویز خٹک نے کہا کہ جنگ مسائل کا حل نہیں، مذکرات کی میز پر بیٹھ کر ایک دوسرے کے مسائل کو سمجھنا ہی بہتر حکمت عملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندرونی اور بیرونی حالات کے پیش نظر سب کو ایک پیج پر ہونا ہوگا، ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے سب پر یکساں ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ پرویز خٹک نے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھا رت نہتے مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہا ہے، بھارت کی تمام اقوام نے متنازعہ شہریت بل مسترد کردیا ہے یہ بل صرف مسلمانوں کے خلاف گہری سازش ہے جس کو ہندوستانی عوا م نے یکسر مستر د کرکے بھارتی حکمرانوں کو ان کا اصل چہرہ دیکھادیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے ہندوستان ہوش کے ناخن لے اور کشمیر سے فوری طور پر لاک ڈائون ختم کریں ۔