وزیراعظم کے ’’کامیاب جوان پروگرام‘‘ کے تحت سندھ سے اب تک ایک لاکھ نوجوانوں نے درخواستیں دی ہیں،

اپریل میں وزیر اعظم کامیاب جوان پروگرام کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جائے گا وزیر اعظم کے مشیر برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار کی گورنر ہائوس میں میڈیا سے گفتگو

پیر 27 جنوری 2020 20:05

وزیراعظم کے ’’کامیاب جوان پروگرام‘‘ کے تحت سندھ سے اب تک ایک لاکھ ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2020ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے یوتھ افیئرز اور وزیر اعظم کے یوتھ پروگرام کے چیئرمین عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے ’’کامیاب جوان پروگرام‘‘ کے تحت سندھ سے اب تک ایک لاکھ نوجوانوں نے درخواستیں دی ہیں۔ پیر کو یہاں گورنر ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ موصول ہونے والی درخواستوں کے تناسب کی کامیابی/ قبولیت 15 فیصد کے لگ بھگ ہے اور عدم قبولیت کی وجہ زیادہ تر نوجوان درخواست دہندگان کے پاس کوئی قابل عمل کاروباری منصوبہ نہ ہونا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم عمران خان 200 کامیاب درخواست گزاروں میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت چیک تقسیم کریں گے جبکہ چیک ڈسٹری بیوشن کی تقریبات صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی منعقد ہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اس پروگرام کا آغاز کررہے ہیں، رواں سال مارچ اور اپریل میں ہم سندھ کے دیگر اضلاع میں جائیں گے اور اس پروگرام کے تحت سندھ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو کم سے کم 10 ارب روپے ملیں گے۔

وزیر اعظم کے مشیر نے یقین دلایا کہ اس پروگرام کو شفاف انداز میں اور بغیر کسی سیاسی مداخلت کے میرٹ پر لاگو کیا جا رہا ہے، ایک درخواست تیسری آزاد پارٹی کے ذریعے تصدیق/ انٹرویو کے بعد قبول کی جاتی ہے، اس پروگرام کے تحت کاروبار شروع کرنے کا ارادہ رکھنے والے تعلیم یافتہ نوجوان 5 لاکھ روپے سے 50 لاکھ روپے تک حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد یہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے پروگرام شروع کرے تاہم پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پارٹی منشور کی پیروی کرتے ہوئے ملک میں معاشرتی اور معاشی انقلاب لانے کے لئے کوشاں ہے۔

ایم عثمان ڈار نے میڈیا کو آگاہ کیا کہ اپریل 2020 ء میں وزیر اعظم کامیاب جوان پروگرام کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جائے گا اور امید ہے کہ نوجوان عملی کاروباری منصوبے تیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے حال ہی میں ہنرمند کارکن پیدا کرنے کے لئی30 ارب روپے کی لاگت سے ’’ہنرمند پروگرام‘‘ کا افتتاح بھی کیا ہے، وزیراعظم ملک کے ایک اور احسن اقدام ’’احساس پروگرام‘‘ کے تحت غریب طبقے کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں پی ٹی آئی کی حکومت سیاسی اور معاشی بحران پر قابو پانے میں کامیاب ہو گئی ہے اور ملک اب خوشحالی کی طرف گامزن ہے۔ ایک سوال کے جواب میں مشیر نے بتایا کہ پہلے دن سے ہی وزیر اعظم عمران خان نے اپنا واضح پیغام دیا تھا کہ مرکز اور صوبوں میں پی ٹی آئی کی حکومتوں میں کوئی بھی اچھی کارکردگی دکھائے بغیر نہیں چل سکتا۔