بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی کے دوران عمر گل کے اعزاز میں تقریب

پیر 27 جنوری 2020 21:15

بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی کے دوران عمر گل کے اعزاز میں تقریب
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2020ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے گذشتہ روز فاسٹ باؤلر عمر گل کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے فاسٹ باؤلر عمر گل کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈ سے نوازا۔ تقریب کا اہتمام پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ کے روز کیا گیا۔

عمر گل نے انگلینڈ میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2009ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف 3 اوورز میں 6 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی جو کہ اس وقت ایک عالمی ریکارڈ تھا۔ عمر گل نے ایونٹ میں سب سے زیادہ 13 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ میگا ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

(جاری ہے)

عمر گل کا یہ ورلڈریکارڈ اگست 2011ء میں سری لنکا کے اجنتھا مینڈس نے اس وقت توڑا جب انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف پالی کیلے میں 16 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ٹی ٹونٹی کرکٹ میں فی الحال بہترین باؤلنگ کا ریکارڈ بھارت کے دیپک چہار کے پاس ہے۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف نومبر 2019ء میں 7 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ فاسٹ باؤلر عمر گل نے 2013ء میں ایک بار پھر ٹی ٹونٹی کرکٹ کے ایک میچ میں 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ انہوں نے سنچورین میں جنوبی افریقہ کے خلاف 6 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

عمر گل نے کہا کہ انہوں نے اپنے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر میں پاکستان کیلئے زیادہ سے زیادہ کامیابیاں سمیٹنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے شکرگزار ہیں جنہوں نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں اعزاز سے نوازا ہے۔ فاسٹ باؤلر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلی واضح ہے، یہاں ملک کی خدمت کرنے والے کرکٹرز کو نوازا جانا خوش آئندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے نہ صرف کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ نوجوانوں میں ملک کی خدمت کرنے کا جذبہ بڑھتا ہے۔ پی سی بی اس سے قبل سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں جاوید میانداداور کراچی ٹیسٹ میں سلیم یوسف اور راشد خان کو اعزاز سے نواز چکا ہے۔