آسیب زدہ ایلسا ڈول بار بار پھینکنے کے باوجود واپس آ جاتی ہے۔ خاتون کا دعویٰ

Ameen Akbar امین اکبر پیر 27 جنوری 2020 23:22

آسیب زدہ  ایلسا ڈول  بار بار  پھینکنے کے  باوجود واپس آ جاتی ہے۔ خاتون ..
ہیوسٹن سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے سوشل میڈیا پر ایک انوکھی کہانی بیان کی ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ  وہ  اپنی بیٹی کی ایلسا ڈول  کے سوئچ کو بند بھی کر دیتی ہیں لیکن اس کے باوجود وہ گاتی رہتی ہیں، یہی نہیں وہ اسے کئی بار پھینک بھی چکی ہیں لیکن وہ واپس  آجاتی ہے۔
ایملی  میڈونیا  نے بتایا کہ  مشکل پیدا کرنے والی یہ ایلسا ڈول 2013 کی کرسمس پر اُن کے خاندان کا حصہ بنی۔

یہ اُن کی بیٹی کو تحفے میں ملی تھی۔ یہ گڑیا بٹن دبانے پر  ڈزنی کی بلاک بسٹر فلم فروزن کے کئی فقرے دہراتی  تھی۔ یہ مشہور گانا Let it Go بھی گاتی تھی۔ 2015 تک تو سب ٹھیک چلتا ر ہا لیکن اس کے بعد یہ گڑیا انگریزی  کی بجائے ہسپانوی زبان میں بھی بولنے لگی۔اس کے بعد سوئچ بند ہونے پر بھی یہ گانے اور فقرے دہرانے لگی۔

(جاری ہے)

ایملی کے خاندان نے اسے وائرنگ کا مسئلہ سمجھا تاہم اصل مشکل اس وقت پیش آئی جب دسمبر میں ایملی نے اس گڑیا کو پھینکنے کافیصلہ کیا لیکن پھینکنے کے باوجود یہ پھر واپس آ گئی۔

ایسا ایک بار نہیں کئی بار ہو چکا ہے۔
بہت سے افراد نے ایملی کی فیس بک پوسٹ پر کمنٹ کیا کہ کوئی گڑیا کو مذاق میں واپس گھر پھینک دیتا ہوگا لیکن ایملی کا خیال ہے کہ کوئی کوڑے کے ٹرک کے پیچھے جا کر ڈھیر میں سے گڑیا کیسے ڈھونڈ سکتا ہے۔ ایملی کا کہنا ہے کہ ہر بار گھر واپس پہنچنے والی گڑیا ایک ہی ہوتی ہے۔ یعنی کوئی دوسری گڑیا بھی خرید کر واپس نہیں کر سکتا۔

ایملی نے بتایا کہ وہ گڑیا کو اُن رنگوں سے پہچان سکتی ہیں، جو اُن کی بیٹی نے گڑیا پر کیے تھے۔
ایملی نے بتایا کہ جب گڑیا دو بار واپس آ گئی تو انہوں نے اس سے جان چھڑانے کا ایک اور طریقہ ڈھونڈا۔ انہوں نے اسے مینیسوٹا میں ایک آن لائن دوست کو بھیج دیا لیکن پیکٹ پر واپس کا پتا نہیں لکھا۔ ایملی کا کہنا ہے کہ انہوں نے جیسے ہی اس گڑیا کو باکس میں رکھا یہ مبینہ طور پر 30 سیکنڈ تک ہنستی رہی تھی۔


اس ماہ کے شروع میں ایملی نے بتایا کہ یہ گڑیا مینیسوٹا میں کرس ہوگن کے پاس پہنچ گئی ہے۔ کرس نے اسے اپنی جیپ کے برش گارڈ کے ساتھ بانددھ دیا تھا لیکن یہ پھر گر گئی۔ اب کرس نے اسے سٹیل راڈ کے ساتھ ویلڈ کر کے جھیل میں ڈبونے کا منصوبہ بنایا ہے۔
جب ایملی سے پوچھا گیا کہ انہوں نے گڑیا کو آگ میں کیوں نہیں ڈالا تو انہوں نے جواب دیا کہ اس طرح اگر گڑیا میں کوئی آسیب ہوا تو وہ باہر آ سکتا تھا۔
ایملی کی پوسٹ کے وائرل ہونے کے بعد بہت سے افراد اُن سے رابطہ کر کے گڑیا کے بارے میں پوچھ چکے ہیں۔ یہ سب افراد مافوق الفطرت چیزوں پر یقین رکھتے ہیں۔