بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف بھارت کے اندر سے آوازیں اٹھنی شروع ہو گئی ہیں،

کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے وزارت صحت بھرپور اقدامات کر رہی ہے سینیٹر فیصل جاوید کی پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

منگل 28 جنوری 2020 18:33

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف بھارت کے اندر سے آوازیں اٹھنی شروع ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف بھارت کے اندر سے آوازیں اٹھنی شروع ہو گئی ہیں۔ کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے وزارت صحت اقدامات کر رہی ہے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد ایک دن ضرور رنگ لائے گی، مودی کا آر ایس ایس کا نظریہ دنیا میں عیاں ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کے خلاف بھارت کے اندر سے آوازیں اٹھنی شروع ہو چکی ہیں جس طرح سے انہوں نے شہریت کا قانون بنایا ہے اس کے خلاف بھارت میں احتجاج جاری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چین میں کرونا وائرس بہت زیادہ پھیل چکا ہے لیکن وہاں تمام پاکستانی سٹوڈنٹس خیریت سے ہیں۔ وزارت صحت ملک بھر میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور اس کی روک تھام کے لئے وزارت صحت آگاہی مہم شروع کرے گی۔