ہنگری کے اس چھوٹے سے گاؤں میں ہاتھ کی بنائی دنیا کی سب سے بڑی کتاب ہے

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 30 جنوری 2020 23:54

ہنگری کے اس چھوٹے سے گاؤں میں  ہاتھ کی بنائی دنیا کی سب سے بڑی کتاب ہے
شمالی ہنگری کے  300 افراد کی آبادی کے ایک چھوٹے سے  گاؤں شنپٹری کو ہاتھ سے بنائی ہوئی دنیا کی سب سے بڑی کتاب رکھنے  کا اعزاز حاصل ہے۔اس کتاب کا وزن 1.4 ٹن ہے۔ اس  کی جلد سازی میں ارجنٹائن کی 13 گایوں کا چمڑا استعمال ہوا ہے۔
ہاتھ سے بنائی گئی دنیا کی یہ سب سے بڑی کتاب 2010 میں مکمل ہوئی تھی۔ اسے باپ بیٹے  بیلا ورگا اور گابر ورگا نے بنایا  ہے۔

یہ دنوں روایتی کاغذ سازی میں ماہر ہیں۔انہوں نے اس کتاب کی جلد سازی کے لیے  روایتی تیکنیک استعمال کی ہیں۔یہ کتاب شنپٹری  پیپر مل میں نمائش کے لیے رکھی گئی ہے۔اس کتاب کی لمبائی 4.18 میٹر اور چوڑائی  3.77 میٹر ہے۔ اس کتاب وزن 1420 کلوگرام  ہے۔ اس کتاب میں 436 صفحات ہیں، جن پر مقامی پودوں  اور جانوروں کی معلومات ہیں۔
71 سالہ بیلا  ورگا نے بتایا کہ  اس سے بڑی کتاب بنانا ناممکن تھا، یہی وجہ ہے کہ اس کتاب کی پیمائش 4.18 میٹر ضرب 3.77 میٹر ہے۔

(جاری ہے)

یہ کتاب اس وجہ سے منفرد ہے کہ  قدیم طریقے سے بنایا گیا ہے۔ اس  کے لیے لکڑی کے  میز سوئیڈن سے اور 13 گایوں کا چمڑا ارجنٹائن سے منگوایا گیا۔اس کتاب کے پانچ قبضوں کی کٹائی لیزر سے کی ہے۔ اس کتاب کے لیے کاغذ آسٹریلیا سے درآمد کیا گیا ہے جبکہ کاغذ پر پرنٹ ایک  اشتہاری بل بورڈ بنانے والے  بڑے صنعتی پرنٹر پر کی گئی ہے۔اس کتاب کو پیپر مل میں رکھنے کے لیے ایک صنعتی کرین استعمال کی گئی ہے۔

اس کتاب کے ایک صفحے کو پلٹنے کے لیے 6 افراد کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ایک یا دو افراد کے صفحہ پلٹنے کی کوشش میں کاغذ پھٹ بھی سکتا ہے۔اس کتاب کا عنوان Our Fragile Natural Heritage  ہے۔ یہ دو سال تک دنیا کی سب سے بڑی کتاب رہی ہے۔ اس کے بعد ابو ظہبی کی ایک کمپنی نے  5 میٹر اونچی دنیا کی سب سے بڑی کتاب متعارف کرا دی۔ تاہم شنپٹری کی کتاب  آج بھی  ہاتھ سے بنائی دنیا کی سب سے بڑی کتاب  ہے، جسے روایتی طریقوں سے بنایا گیا ہے۔


۔گینیز ورلڈ ریکارڈ کی شرائط کے مطابق اس کتاب کا ایک چھوٹا سائز بھی بنایا گیا ہے، جس کا وزن 11.4 کلوگرام ہے۔یہ بڑی کتاب کی ہوبہو کاپی ہے۔دنیا بھر سے لوگ بیلا ورگا سے ایسی ہی کتاب بنانے کی درخواست کرتے ہیں لیکن وہ انکار کر دیتے ہیں۔