فیصل آباد میں انسداد پولیو مہم 17 فروری سے شروع ہو گی، 13لاکھ 78ہزار بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے

جمعہ 7 فروری 2020 15:40

فیصل آباد میں انسداد پولیو مہم 17 فروری سے شروع ہو گی، 13لاکھ 78ہزار بچوں ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2020ء) فیصل آباد میں تین روزہ قومی انسداد پولیو مہم 17 فروری بروز پیر سے شروع ہو گی جس میں فیصل آباد میں 5سال تک کی عمر کے 13لاکھ 78ہزار بچوں کو حفاظتی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ ضلع میں آئندہ انسداد پولیو مہم کوکامیاب بنانے کیلئے تمام متعلقہ محکموں کو اپنے ٹاسک کو ذمہ داری سے مکمل کر نے کی ہدائت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ اس ضمن میں سنجیدہ انداز میں اقدامات کئے جائیں تاکہ اس قومی فریضہ میں کوئی کمی یا خامی نہ رہے۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد علی نے ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل ربی چیمہ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بلال احمد،اسسٹنٹ کمشنرزکے علاوہ محکمہ تعلیم،صحت،لیبر،ہسپتالوں اور پختون آبادیوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ 17فروری سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں وضع کردہ مائیکرو پلان پر سختی سے عملدرآمد کویقینی بنائیں۔

انہوں نے مہم کے سیکورٹی پلان کے سلسلے میں ضلعی پولیس سے رابطہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کو این جی اوز کی شراکت سے ہر تحصیل میں والدین کی آگاہی کے لئے انسداد پولیو سیمینارز منعقد کرانے کی تاکید کی۔انہوں نے مساجد میں اعلانات کے علاوہ پوسٹرز،بینرزآویزاں کرنے اور دیگر تشہیری ذرائع بروئے کار لانے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ پانچ سال تک کی عمر کے بچوں تک رسائی کے لئے پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن،انجمن تاجران،پختون برادری کی معاونت حاصل کی جائے۔انہوں نے تلقین کی کہ مہم کے دوران صبح بروقت کام شروع کیا جائے اور کارکردگی کی نگرانی کے لئے کوئی ٹیم چیکنگ کے بغیر نہ رہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بتایاکہ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 13لاکھ 78ہزارسے زائد بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے لئے محکمہ صحت کی طرف سے تمام تر ضروری تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔