پی سی بی نے ملتان، فیصل آباد، پشاور اور حیدرآباد میں انٹرنیشنل میچز کروانے کا فیصلہ کرلیا

مسلسل انٹرنیشنل کرکٹ سے لاہور اور کراچی کے کرکٹ گراؤنڈز خراب ہونے کا خدشہ ہے، ذرائع

Ahmad Tariq احمد طارق بدھ 12 فروری 2020 22:18

پی سی بی نے ملتان، فیصل آباد، پشاور اور حیدرآباد میں انٹرنیشنل میچز ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12فروری2020ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملتان، فیصل آباد، پشاور اور حیدرآباد میں انٹرنیشنل میچز کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ کچھ عرصے کیلئے اب لاہور اور کراچی میں انٹرنیشنل میچز نہیں کروائیں گے تاکہ ان اسٹیڈیم کی پچز پر زیادہ دباؤ نہ آئے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ملتان، فیصل آباد، پشاور اور حیدر آباد میں انٹرنیشنل میچز کروانے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے، اس حوالے سے ملتان، فیصل آباد اور حیدر آباد کے کرکٹ اسٹیڈیم میں تزئین و آرائش کا کام بہت جلد شروع کروادیا جائے گا۔

مزید برآں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 6 کے میچز کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں بھی کروائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

احسان مانی نے بلوچستان اور بالخصوص کوئٹہ کی عوام کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پی ایس ایل سیزن 6 کے میچز بگٹی اسٹیڈیم میں بھی کروائے جائیں گے۔ دوسری جانب جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول فائنل کرلیا گیا ہے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کیلئے حامی بھرلی ہے۔ اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے شیڈول فائنل کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم 25، 27 اور 29 مارچ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ خیال رہے کہ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کا دورہ بھارت 18 مارچ کو ختم ہو رہا ہے، جبکہ پی ایس ایل سیزن کا پانچواں سیزن 22 مارچ کو ختم ہورہا ہے، اسی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچز 25، 27 اور 29 مارچ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

تاہم اب پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ ملتان، فیصل آباد، پشاور اور حیدر آباد میں بھی انٹرنیشنل میچز کروائے جائیں گے۔